پاکستانی خبریں

برطانیہ میں خریدی گئی جائیداد سے جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کا کوئی تعلق نہیں ہے: اہلیہ

سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی اہلیہ نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں بیرون ملک جائیداد سے متعلق تفصیلات پیش کر دیں۔ اپنے جواب میں انہوں نے کہا برطانیہ میں خریدی گئی جائیداد سے ان کے شوہر کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

ذرائع کے مطابق جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی اہلیہ نے کراچی میں امریکن اسکول میں ملازمت کے دوران آمدن کا ریکارڈ بھی جمع کرایا۔ اپنے جواب میں انہوں نے کہا کہ بیرون ملک رقم قانونی طریقے سے بھیجی۔

ذرائع کے مطابق جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی اہلیہ نے ایف بی آر کو کراچی میں فروخت کردہ املاک کی تفصیلات بھی جمع کرادیں۔

ذرائع کے مطابق جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی اہلیہ نے کراچی کلفٹن میں خریدی گئی پراپرٹی اور اس پر جمع کرایا گیا ٹیکس ریکارڈ، والد کی جانب سے تحفے میں ملنے والی زرعی زمین اور ڈیرہ مراد جمالی اور نصیر آباد کی زرعی زمین کی تفصیلات بھی جمع کرادیں۔

اپنے جواب میں اہلیہ جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے موقف اختیار کیا کہ سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کے اکاؤنٹ سے تقریبا 7 لاکھ پائونڈ بھجوائے۔ برطانیہ میں خریدی گئی جائیداد سے ان کے شوہر کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

ذرائع کے مطابق انہوں نے لندن کی جائیدادوں سے ملنے والے کرائے کی تفصیلات بھی ایف بی آر میں جمع کرائیں۔ اہلیہ جسٹس قاضی فائزعیسیٰ بتایا کہ مرکزی بینک کے پاس ان کی تمام بینک ٹرانزیکشن کی تفصیلات موجود ہیں۔

خیال رہے کہ 18 جون کو صدراتی ریفرنس کا سامنا کرنے والے سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی اہلیہ نے سپریم کورٹ کے سامنے ویڈیو لنک کے ذریعے اپنا بیان رکارڈ کراتے ہوئے کہا تھا کہ لندن میں خریدی گئی جائیداد ان کے خاوند کی نہیں، بلکہ میری میرے بیٹے اور بیٹی کے نام ہے۔

جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے دس رکنی لارجر بینچ کے سامنے ویڈیو لنک کے ذریعے اپنا بیان رکارڈ کراتے ہوئے جسٹس قاضی فائز عیسی کی اہلیہ نے کہا تھا اپنے خاوند سے کہا کہ میرے خاوند نے مجھے کہا کہ ریفرنس میرے متعلق نہیں ہے۔

صدارتی ریفرنس میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی اہلیہ نے اپنا بیان قلمبند کراتے ہوئے برطانیہ میں خریدی گئی تینوں جائیدادوں کی تفصیل عدالت کو فراہم کردی۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی اہلیہ نےعدالت کو بتایا کہ ان کا نام سرینا ہے اور ان کے پاس ہسپانوی پاسپورٹ ہے۔

Related Articles

Back to top button