پاکستانی خبریں

کورونا پھیلنے کا خدشہ ہے، عوام عید الاضحیٰ گھر پر منائیں: وفاقی وزیر اطلاعات

وفاقی وزیر برائے اطلاعات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان عید قرباں گھر پر منائیں گے عوام بھی گھر سے باہر نہ نکلیں۔

وفاقی وزیر برائے اطلاعات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ احتیاطی تدابیر پر عمل نہیں کیا گیا تو عید قرباں پر کورونا بڑھنے کا خدشہ ہے، وزیراعظم عمران خان نے عید قرباں گھر پر منانے کا فیصلہ کیا ہے، عوام بھی عید گھر پر منائیں باہر نہ جائیں اور احتیاط کریں۔

شبلی فراز نے کہا کہ دنیا کے دیگر ملکوں کی نسبت کورونا سے پاکستان بہت کم متاثر ہوا، وزیراعظم نے پاکستان کے زمینی حقائق دیکھ کر حکمت عملی بنائی، کورونا وبا کی روک تھام کے لیے حکومت کی حکمت عملی کامیاب رہی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کورونا وبا سے نمٹنے میں این سی او سی نے بہترین کردار ادا کیا، ابتدا میں پاکستان میں کورونا ٹیسٹ کے لیے صرف دو لیب تھیں اب 129 ہیں، پاکستان نے طبی حفاظتی سامان برآمد کرنا شروع کردیا ہے، ملک میں کرونا کیسز کی تعداد کا گراف نیچے کی جانب آیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشی نقصانات کے باوجود ٹیکس فری بجٹ پیش کیا، احساس پروگرام نے غریب اور پسماندہ طبقوں کی مدد میں کردار ادا کیا، وزیراعظم نے ثانیہ نشتر کو احساس پروگرام کا دوسرا مرحلہ شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

قومی ایئرلائن کے حوالے سے شبلی فراز نے کہا کہ پی آئی اے کے جن پائلٹس کے کاغذات مشکوک تھے انہیں پہلے ہی گراؤنڈ کردیا تھا، جعلی لائسنس والے 28 پائلٹس کو نوکری سے نکال دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے میں جعلی دستاویزات پر بھرتیاں پی پی اور ن لیگ دور میں ہوئیں، پی آئی اے اور سی اے اے کے ذمہ دار حکام کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے۔

 

Related Articles

Back to top button