پاکستانی خبریں

عمران خان کو چیلنج کرنے والا ان کا سامنا نہیں کر سکتا، مراد سعید

وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ پی آئی اے اور اسٹیل مل زرداری دور میں خسارے میں گئے، ہم نے پختونخواہ کے اضلاع میں 70 لاکھ افراد کو مفت اور بہترین علاج دیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 2 جماعتوں کی محبت دیکھ کر آج مجھے خوشی ہوئی، وزیر اعظم ہمیشہ کہتے تھے کہ یہ ان دو جماعتوں کی نورا کشتی ہے۔

مراد سعید کی تقریر کے دوران اپوزیشن نے شور شرابہ کیا اور احتجاج کرتے ہوئے واک آؤٹ کرلیا، واک آؤٹ کرنے والوں میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو بھی شامل تھے۔

مراد سعید کا کہنا تھا کہ عمران خان کو چیلنج کرنے والا ان کا سامنا نہیں کر سکتا، یہ عمران خان کو مناظرے کی دعوت دیتے ہیں اور میرا سامنا بھی نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے اسمارٹ لاک ڈاؤن کے مؤقف کو یورپ نے بھی تسلیم کیا، اپوزیشن کہتی ہے کہ حکومت کی کرونا وائرس پر کوئی حکمت عملی نہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پی آئی اے اور اسٹیل مل زرداری دور میں خسارے میں گئے، ہم نے پختونخواہ کے اضلاع میں 70 لاکھ افراد کو مفت اور بہترین علاج دیا، عمران خان جب آئے تو پختونوں اور پاکستان کا مقدمہ لڑا، آپ امریکا سے ڈو مور کے پرچہ لے کر آتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے غربت کے خاتمے کا پیکج بجٹ میں رکھا ان کو نظر نہیں آیا، تھر میں ہر سال بچے مرتے ہیں وہ بھی ان کو نظر نہیں آتا۔ چیلنج کرتا ہوں کسی بھی حلقے سے الیکشن لڑ لیں میں مقابلہ کروں گا۔

مراد سعید کا کہنا تھا کہ فاطمہ بھٹو کی کتاب پڑھ لیں آنکھیں کھل جائیں گی، یہ دہشت گردی اسی کو مانتے ہیں جسے امریکا کہتا ہے، یہ امریکا سے کہتے تھے تم ڈرون گراتے جاؤ ہم مذمت کرتے جائیں گے۔

Related Articles

Back to top button