حکومت کے پاس عددی برتری ہے وہ بجٹ منظور کرالے گی: شاہد خاقان عباسی

سابق وزیراعظم و مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت کے پاس عددی برتری ہے وہ بجٹ منظور کرالے گی۔

شاہد خاقان عباسی نے نجی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ کورونا کی وجہ سے قومی اسمبلی میں ارکان کی تعداد کم ہوگی اور میرا خیال ہے اسمبلی میں 70 ارکان کو بلایا گیا ہے۔

شاہدخاقان عباسی نے کہا کہ حکومت کیلئے بجٹ منظور کرانا آسان ہے حکومت کے پاس عددی برتری ہے وہ بجٹ منظور کرالےگی۔

پی آئی اے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ جن پائلٹس نے چیٹنگ کی اس کی تحقیقات ہونی چاہئیں، حکومت نے40 فیصد پائلٹس پر شکوک و شبہات کا اظہار کر دیا ہے ، حکومت نے 262 پائلٹس کا کیریئر خطرے میں ڈال دیا ہے، مستقبل میں 262پائلٹس کو کوئی نوکری نہیں دےگا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ پی آئی اے میں ضرورت سے زیادہ ملازمین ہوں گے، پہلے دن کہا تھا پی آئی کی نجکاری کردینی چاہئے تھی، ن لیگ چاہتی تھی پی آئی اے کی نجکاری ہو لیکن ہم کر نہیں سکےتھے، سیاسی و دیگر وجوہات کی وجہ سے پی آئی اے کی نجکاری نہیں کرسکےتھے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد میں اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کی مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تمام اپوزیشن جماعتوں نے وفاقی بجٹ کو مسترد کر دیا ہے اور وفاقی بجٹ کے خلاف پوری قوم متحد ہوگئی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود حکومت نے عوام پربوجھ ڈال دیاہے،مہنگائی میں پسی عوام پر کل پٹرول کی قیمت میں 25روپے اضافہ کردیاہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں