پاکستانی خبریں

وزیراعظم عمران خان اور چوہدری برادران کے ایک ہی روز عشائیے، ملک سیاسی صورتحال کس رخ جا رہی؟ جانیے اس خبر میں

وزیراعظم عمران خان نے جہاں آج اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کو عشائیے پر مدعو کیا ہے تو وہیں مسلم لیگ (ق) کے چوہدری برادران نے بھی آج ہی اتحادی جماعتوں سمیت آزاد ارکان اسمبلی کو عشائیے کی دعوت دے رکھی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری برادران نے اتحادی رہنماؤں کو وزیراعظم کے عشائیے سے قبل ہی دعوت دے رکھی ہے اور اتحادی جماعتوں کے کئی رہنما چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الٰہی کو عشائیے میں شرکت کی یقین دہانی کراچکے ہیں۔

چوہدری برادران کی جانب سے حکومتی اتحادی جماعتوں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)، بلوچستان عوام پارٹی(بی اے پی) اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) سمیت آزاد ارکان کو دعوت دی ہے تاہم عشائیے میں تحریک انصاف کے رہنماؤں کو مدعو نہیں کیا گیا۔

دوسری جانب حکومت وزیراعظم عمران خان نے آج حکومتی ارکان قومی اسمبلی کے اعزاز میں اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کو عشائیے پر مدعو کیا ہے جو وزیراعظم ہاؤس میں دیا جائے گا۔

حکومتی اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ترجمان مسلم لیگ ق کا کہنا ہے کہ حکومت کے اتحادی ہیں مگرعشائیہ میں شریک نہیں ہو رہے کیونکہ پارٹی رہنما مصروف ہیں لیکن بجٹ کی منظوری کے تمام عمل میں حکومت کو ووٹ دے رہے ہیں۔

ق لیگ کے علاوہ بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) نے بھی عشائیے میں شرکت سے انکار کردیا ہے۔

بی این پی کے رہنما جہانزیب جمالدینی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا عشائیہ حکومتی اتحادیوں کےلیے ہے، ان کی جماعت اب اتحادی نہیں رہی اس لیے ان کا وزیر اعظم کے عشائیہ میں شرکت کا کوئی جواز نہیں۔

Related Articles

Back to top button