پاکستانی خبریں

بانی ایم کیوایم کو لوگوں کا خون چاہیے، بھارت اُنہیں پیسے دیتا ہے: مصطفیٰ کمال کا بڑا الزام

پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے بانی کو لوگوں کا خون چاہیے، بھارت اُنہیں پیسے دیتا ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ الطاف حسین، عمران فاروق جیسے بڑے کو مار سکتا ہے تو کسی کو بھی مارسکتا ہے، میں نے 2016 میں یہ بات کی تھی لیکن عدالت نے آج ثابت کیا۔

انہوں نے کہا کہ بانی ایم کیوایم کو لوگوں کا خون چاہیے، بھارت انہیں پیسے دیتا ہے، میرے سامنے اس نے کہا کہ بھارت پیسے دیتا ہے، ہمیں بانی ایم کیو ایم کے ساتھ رہنے کا دنیاوی فائدہ تھا لیکن ہم نے اللہ کے خوف سے ان سے دوری کی۔

ان کا کہنا ہے کہ جن لوگوں نے عمران فاروق کو قتل کیا، ان کے خاندان بھی تباہ ہوگئے، کیا بانی ایم کیو ایم کو آج ان لوگوں کے گھر والوں کی فکرہوگی؟ نسل در نسل ان لوگوں کو برباد کردیا گیا۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ہمارے آنے کے بعد شہداء قبرستان میں تالے پڑ گئے، ہمارے قول و فعل میں اب تک کوئی تضاد نہیں، ہمیں مہاجروں کا غدار کہا گیا، اب ایک بھی لاش نہیں آرہی ایسی غداری قبول ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو بانی ایم کیو ایم نے قاتل اور را کا ایجنٹ بنایا، اپنے آقاؤں کے کہنے پر سندھو دیش کے ساتھ گٹھ جوڑ کرلیا، 4 دنوں میں رینجرز پر 4 حملے ہوئے، 2 رینجرز اور 2 شہری زخمی ہوئے۔

مزید جانیے: ایم کیو ایم کا بھارت سے پیسے لینے کا معاملہ حقیقت ہے، سابق رہنما محمد انور کا اہم انکشاف

پی پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سربراہ پی ایس پی کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی متعصب حکومت اندرون سندھ سے بھی مخلص نہیں، یہاں حالات ایسے نہیں تھے لیکن انہوں نے کراچی کو بھی لاڑکانہ بنادیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ایم کیو ایم کے رہنما عمران فاروق قتل کیس میں جرم ثابت ہونے پر 3 مجرموں خالد شمیم، معظم علی اور محسن علی سید کو عمر قید کی سزا سنائی تھی جبکہ بانی ایم کیو ایم سمیت چار اشتہاری ملزمان کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے جائیداد ضبطگی کے احکامات بھی دیے ہیں۔

عدالت نے اپنے تفصیلی فیصلے میں کہا کہ ثابت ہو گیا ہے کہ بانی ایم کیو ایم نے ہی ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کے احکامات جاری کیے۔

Related Articles

Back to top button