پاکستانی خبریں

پی آئی اے کا سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کیلئے بڑا فضائی آپریشن

قومی ایئرلائن (پی آئی اے) نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے 25 ہزار پاکستانیوں کی واپسی کے لیے بڑا فضائی آپریشن ترتیب دے دیا ہے۔

بیرون ملک موجود پاکستانیوں کی واپسی کے سلسلے میں پی آئی اے کے دفاتر پر مسافروں کے رش کے پیش نظر آئندہ ہفتے میں قومی ایئرلائن نے بڑا فضائی آپریشن ترتیب دے دیا۔

پی آئی اے آئندہ ہفتے سعودی عرب سے 10 ہزار افراد کو واپس لائے گی، جب کہ یو اے ای سے 15 ہزار افراد کو واپس لایا جائے گا، ان 25 ہزار مسافروں کو واپس لانے کے لیے 100 سے زائد پروازیں چلائی جائیں گی۔ ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ بڑی تعداد میں پروازوں کا مقصد ٹکٹس کی فراہمی آسان کرنا ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں بین الاقوامی فضائی آپریشن بحال کر دیا گیا ہے، اس سلسلے میں جناح ٹرمینل کراچی سے خلیجی ممالک کی 7 پروازیں آپریٹ کی گئیں، اور ایک ہزار سے زائد مسافر روانہ ہوئے۔

ذرائع نے بتایا کہ پی آئی اے کی پروازوں میں نشستیں دفاتر، ایجنٹس یا ویب سائیٹ کے ذریعے منٹوں کے اندر فروخت ہو رہی تھیں اور زیادہ تر لوگ ٹکٹ حاصل کرنے سے رہ جاتے تھے، اس لیے پی آئی اے نے حکومت پاکستان سے اضافی افراد کو واپس لانے کے لیے اجازت مانگی تھی، اجازت ملنے پر قومی ایئر لائن نے بڑا فضائی آپریشن ترتیب دیا۔

بتایا گیا ہے کہ 25 ہزار مسافروں کو 100 سے زائد خصوصی پروازوں کے ذریعے واپس لایا جائے گا، یہ ساری خصوصی پروازیں پاکستان سے خالی جائیں گی۔

ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے نے اتنی تعداد میں پروازیں اس لیے لگائی ہیں تاکہ ٹکٹیں آرام سے سب کو دستیاب ہو سکیں، پی آئی اے کے دفاتر زیادہ تر جگہوں پر لاک ڈاؤن کی مقامی حکومتوں کی ہدایات کے باعث بند ہیں، اس لیے ٹکٹیں پاکستان میں پی آئی اے کے دفاتر، ویب سائٹ یا ایجنٹوں سے حاصل کیے جاسکتے ہیں، امید کرتے ہیں کہ زیادہ تر پاکستانی ان پروازوں کے ذریعے وطن واپس آ جائیں گے اور دباؤ کم ہو جائے گا۔

Related Articles

Back to top button