پاکستانی خبریں

کورونا وائرس کے حوالے سے سول ایوی ایشن نے بین الاقوامی فلائٹ سے متعلق اہم اعلان جاری کردیا

سول ایوی ایشن نے کورونا وائرس کے حوالے سے جاری کردہ ایس او پیز میں کہا ہے کہ بین الاقوامی فلائٹ سے آنے والے مسافروں کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ ہوگا۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کورونا وائرس کے حوالے سے ایس او پیز جاری کردیے، حفاظتی اقدامات کے تحت عالمی پروازوں پر قواعد و ضوابط اور لازمی شرائط لاگو ہوں گی۔

سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ حکومت عالمی فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، ہوائی اڈوں پر مسافروں کے لیے ضروری اقدامات کو یقینی بنانا ہوگا۔

سی اے اے کا کہنا ہے کہ ایئر بس 320 میں مسافروں کی گنجائش 130 سے 150 کے درمیان ہوگی، بوئنگ 777 جہازوں میں تعداد 320 سے 350 پر مشتمل ہونا ضروری ہے۔

قواعد کے مطابق مسافر ڈیکلیریشن فارم پر کرنے اور ہیلتھ ڈیسک پر تفصیلات دینے کے پابند ہوں گے، مسافروں کو تھرمل اسکینر سے گزارا جائے گا حتمی کلیئرنس کسٹم دے گی۔ ٹرمینل عمارت چھوڑنے سے پہلے مسافر کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ ہوگا۔

سی اے اے کا کہنا ہے کہ مسافروں کے ممکنہ رش کو با آسانی سنبھالنے کے لیے درکار عملہ لازمی تعینات ہوگا، ایئرپورٹ لاؤنج میں ہیلتھ کاؤنٹر پر صحت عملے کی تعیناتی یقینی بنائی جائے گی۔

سی اے اے کا مزید کہنا ہے کہ مسافروں کی تعداد کے پیش نظر افرادی قوت کی تعیناتی 24 گھنٹے میں کی جائے گی۔

Related Articles

Back to top button