پاکستانی خبریں

30 ملازمین میں کورونا وائرس کی تصدیق، واپڈا ہاؤس 21 جون تک کے لئے بند کردیا گیا

واپڈاہائوس کے 30 ملازمین میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد واپڈا ہاؤس کی عمارت کو 21جون تک کے لئے بند کردیا گیا ۔

بتایا گیا ہے کہ واپڈا ملازمین کے ٹیسٹ کروانے پر 30 ملازمین کے ٹیسٹ مثبت آئے، جس کے بعد واپڈا ہائوس کو 13 جون سے 21 جون تک بند کر دیا گیا ۔ تمام ضروری کام اور اہم نوعیت کی میٹنگز سنی ویو آفس میں ہوں گی ۔

مراسلہ کے مطابق واپڈا ہاؤس میں تعینات تمام افسران اپنے گھروں سے کام کریں گے اور فون کال پر دستیاب ہوں گے ۔ مراسلے میں حکم دیا گیا ہے کہ سکیورٹی اور انتظامی افسران پورے دفتر کو ڈس انفیکٹ کرنے کے لیے سپرے کروائیں۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت لاہورمیں اجلاس ہوا، جس میں کورونا کے پھیلاؤ اور لاک ڈاؤن سے متعلق صورتحال جا ئزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزراء نے شرکت کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب میں مکمل لاک ڈاؤن نہیں کیا جائے گا۔ لاہور میں کورونا کیسز کے اضافے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ لاہور کو مکمل طور پر لاک ڈاؤن نہیں کیا جائے گا۔ بلکہ لاہور سمیت کسی بھی ضلع میں مکمل لاک ڈاؤن نہیں کیا جائے گا۔ شہر کو ٹاؤن کی سطح پر بھی لاک ڈاؤن نہیں کیا جائے گا۔ لاہور میں صرف ان کو علاقوں کو بند کیا جائے گا جن علاقوں کو ریڈ زون قرار دیا گیا ہے۔

اسی طرح اجلاس میں ایس اوپیز اور مارکیٹوں سے متعلق بھی غور کیا گیا۔ فیصلہ کیا گیا کہ مارکیٹو ں کو بھی مکمل بند نہیں کیا جائے گا بلکہ ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر ایک مزید وارننگ دی جائے گی۔ جبکہ ایس اوپیز پرعمل نہ کرنے والی دکانوں، شاپنگ مال یا ادارے کیخلاف کارروائی کی جائے۔

مزید برآں وزیراعظم عمران خان نے کورونا ایس او پیز کی پابندیاں مزید سخت کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ لاہور سمیت پنجاب میں جہاں ایس او پیز کی خلاف ورزی ہو رہی ہے سخت ایکشن لیا جائے۔ وزیراعظم عمران خان کی سربراہی اجلاس میں لاہور سمیت پنجاب میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز روکنے کے لئے خصوصی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

عمران خان کا کہنا تھا عوام کو ماسک، سماجی فاصلہ اور دیگر احتیاطی تدابیر پر ہر صورت عملدرآمد کرنا ہوگا۔نجی ٹی وی کے مطابق عمران خان کا کہنا تھا اپوزیشن کا کام صرف تنقید کرنا ہے ، ہم تنقید سے گھبرانے والے نہیں، حکومت کو بہت سی مشکلات کا سامنا ہے اس کے باوجود حالات کنٹرول میں ہیں۔ عثمان بزدار پنجاب کو ایک زبردست ٹیم کے ساتھ اچھے انداز میں چلا رہے ہیں۔

واضح رہے وزیراعظم عمران خان دورہ لاہور پر ہیں، اسی طرح وزیر اعظم عمران خان منگل کو 2 روزہ دورے پرکراچی پہنچیں گے۔ وزیر اعظم کراچی میں تاجروں اور صنعت کاروں سے ملاقاتیں کریں گے۔ وزیراعظم لاڑکانہ بھی جائیں گے، جبکہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے بھی ملاقات کریں گے۔ جس میں صوبے میں کورونا صورتحال اور انتظامات پر تبادلہ خیال کیا جائےگا۔

Related Articles

Back to top button