وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نیب راولپنڈی میں پیش

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں قومی احتساب بیورو میں پیش ہوگئے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نیب اولڈ ہیڈکوارٹرز پہنچ گئے۔ ان کے ہمراہ قمر زمان کائرہ، وہاب مرتضٰی، ناصر شاہ ، نیئر حسین بخاری، مصطفٰی نواز کھوکھر موجود ہیں۔

پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی جانب سے ممکنہ ہنگامہ آرائی سے بچنے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات ہیں۔ نیب ذرائع کے مطابق مراد علی شاہ کی گرفتاری کا بھی امکان ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ خصوصی طیارے کے ذریعے بدھ کی شام کراچی سے اسلام آباد پہنچے۔ انھوں نے پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کی جس میں انھیں نیب میں پیش ہونے کی تجویز دی گئی۔

نیب نے جعلی اکاؤنٹس کیس سے جڑے سندھ روشن پروگرام میں کرپشن پر مراد علی شاہ کو طلب کیا ہے۔ ان پر سولر اسٹریٹس لائٹس کے ٹھیکے غیر قانونی طور پر دینے کا الزام ہے۔ متعدد کمپنیوں نے مبینہ طور پر 9 کروڑ روپے کی رشوت دے کر اربوں روپے کے ٹھیکے حاصل کیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں