پاکستانی خبریں

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اندرون ملک پروازوں کی تعداد یکم جون سے بڑھانے کا اعلان کردیا

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اندرون ملک پروازوں کی تعداد یکم جون سے بڑھانے کا اعلان کردیا ، پروازیں اسلام آباد لاہور، کراچی ، پشاور اور کوئٹہ سے آپریٹ ہوں گی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی ہدایت پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اندرون ملک پروازوں میں اضافے کا اعلان کردیا ہے۔

نئے حکم نامے کے تحت اندرون ملک پروازوں کی تعداد کورونا وائرس کی صورتحال سے پہلے کے فلائٹ آپریشن کے مقابلے میں 20 سے 22 فیصد ہے، جسے اب بڑھا کر 40 سے 45 فیصد تک کیا جا رہا ہے ، پی آئی اے اور نجی ائیر لائن سرین ائیر علاقائی پروازیں آپریٹ کرے گی۔

سینئر جوائنٹ سیکٹریری ایوی ایشن ڈویژن عبدالستار کھو کھر نے کہا پروازوں میں اضافے کا فیصلہ عوامی مطالبے اور بڑھتی معاشی سرگرمیوں کے پیش نظر کیا گیا۔

ترجمان ایوی ایشن ڈویژن نے کہا اندرون ملک پروازوں میں اضافہ یکم جون سے کیا جائے گا، اندرون ملک پروازیں اسلام آباد لاہور، کراچی ، پشاور اور کوئٹہ سے آپریٹ ہوں گی ۔

دوسری جانب حکومت پاکستان کی اجازت کے بعد ملک کے ہوائی اڈوں سے جمعے کی رات 12 بجے سے بیرون ملک پروازوں کے لیے فضائی آپریشن بحال ہوگیا ہے ، ترجمان پاکستان سول ایوی ایشن رانا مجتبی نے کہا ابتدائی طور پر پاکستان سے بیرون ملک پروازوں کو اجازت دی گئی یے۔

رانا مجتبی کا کہنا تھا کہ پی آئی اے سمیت غیر ملکی کمپنیز پاکستان سے بیرون ملک پروازوں کو اجازت ہوگی اور کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے روکنے کے بنائے گئے ضابطہ کار پر عملدرآمد یقینی بنانا ہو گا۔

Related Articles

Back to top button