پاکستانی خبریں

کورونا کے باعث شہر قائد میں ایک ہی دن میں 30 افراد جان سے ہاتھ دو بیٹھے

آبادی کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں کورونا واءرس سے ایک روز میں ریکارڈ 30 اموات ہوئیں۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 22 مرد اور 8 خواتین شامل ہیں۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں کورونا سے اموات کی تعداد ساڑھے 300 سے تجاوز کرگئی۔ کراچی میں کورونا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 353 ہوگئی۔

خیال رہے کہ پاکستان میں ایک روز میں کورونا سے مزید 57 افراد زندگی کی بازی ہارگئے، جس کے بعد ملک بھر میں جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 1317 ہوگئی۔

ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 64 ہزار 28 تک پہنچ گئی ہے۔

دوسری جانب معاون خصوصی برائے صحت ظفرمرز نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں کورونا کیسزاوراموات میں تیزی سے اضافہ ہورہاہے۔

ملک میں کورونا وائرس کی تازہ صورت حال سے متعلق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ اسپتالوں میں وینٹی لیٹرز پر بھی مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہاہے۔ ملک بھرمیں 157 لوگ وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے مزید 2 ہزار636 کیسز رپورٹ ہوئے اور مجموعی طور پر 22 ہزار 305 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔

کورونا وائرس کے سب سے زیادہ مریض سندھ میں ہیں جہاں تعداد 25 ہزار 309 تک پہنچ گئی ہے۔

کورونا وائرس کی وجہ سے پنجاب میں 22 ہزار964، خیبرپختونخوا 8 ہزار 842، بلوچستان 3,928، اسلام آباد 2,100، گلگت بلتستان 658 اور آزاد کشمیر میں 227 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں ہوئی ہیں جہاں 432 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 396، پنجاب میں 410، اسلام آباد میں 22، گلگت بلتستان میں 9، بلوچستان میں 43 اور آزاد کشمیر میں 5 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

Related Articles

Back to top button