پاکستانی خبریں

کورونا سے ملک میں ایک ہی دن میں ریکارڈ اموات، 78 لوگ لقمہ اجل بن گئے

ملک بھر میں کورونا سے ایک ہی دن میں 78 اموات اب تک کا کورونا کا سب سے بڑا وار ہیں، گذشتہ روز 57 اموات ہوئی تھیں.

پہلی بار پاکستان میں کورونا وائرس سے دو دن میں سو سے زیادہ اموات رجسٹرڈ ہوئیں، دو دن میں ریکارڈ 135 اموات جب کہ 5 ہزار کیسز رجسٹرڈ ہوئے۔

پاکستان میں ایک روز میں کورونا سے مزید 78 افراد زندگی کی بازی ہارگئے، جس کے بعد ملک بھر میں جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 1395 ہوگئی۔

ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 64 ہزار 457 تک پہنچ گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے مزید 2 ہزار429 کیسز رپورٹ ہوئے اور مجموعی طور پر 24 ہزار 131 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔

کورونا وائرس کے سب سے زیادہ مریض سندھ میں ہیں جہاں تعداد 26 ہزار 113 تک پہنچ گئی ہے۔

کورونا وائرس کی وجہ سے پنجاب میں 24 ہزار104، خیبرپختونخوا 9 ہزار 67، بلوچستان 4,087، اسلام آباد 2,192، گلگت بلتستان 660 اور آزاد کشمیر میں 234 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں ہوئی ہیں جہاں 445 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 427، پنجاب میں 439، اسلام آباد میں 23، گلگت بلتستان میں 9، بلوچستان میں 46 اور آزاد کشمیر میں 6 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 12 ہزار 20 ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مجموعی طور پر پانچ لاکھ 32 ہزار 37 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

دوسری جانب معاون خصوصی برائے صحت ظفرمرز نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں کورونا کیسزاوراموات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔
ملک میں کورونا وائرس کی تازہ صورت حال سے متعلق گزشتہ روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ اسپتالوں میں وینٹی لیٹرز پر بھی مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہاہے۔ ملک بھرمیں 157 لوگ وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا کا پہلا کیس 26 فروری کو رجسٹرڈ ہوا اور ایک ہزاراموات 21 مئی تک ہوئیں۔ ایک ہزار اموات ہونے میں 85 دن لگے۔

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کورونا کیسز ایک لاکھ تک پہنچنے کا خدشہ اور جون میں سب سے زیادہ کیسز سامنے آسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد 24 ہزار سے تجاوز کر گئی، وزیر اعلیٰ سندھ

پاکستان میں کورونا وائرس کو سامنے آئے دو ماہ سے زائد کا عرصہ بیت چکا ہے۔ ابتدا میں کیسز میں اضافے کی رفتار سست تھی لیکن اب اس میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

Related Articles

Back to top button