پاکستانی خبریں

طیارہ حادثہ انکوائری رپورٹ میں سامنے آنے والے حقائق سےعوام کو آگاہ کیا جائے گا، وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی میں حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کی شفاف اورغیر جانبدار انکوائری کیلئے کوئی کسرنہ چھوڑی جائے۔

پی آئی اے طیارہ حادثہ سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ انکوائری رپورٹ میں سامنے آنے والے حقائق سےعوام کو آگاہ کیا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے طیارہ حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عید کےموقع پر یہ حادثہ قوم کے لیے ایک بڑا سانحہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں غم زدہ خاندانوں کے دکھ میں برابرکے شریک ہیں۔ افسوس ناک واقعے میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ماضی میں ہونے والے تمام حادثوں کی رپورٹس بھی منظرعام پرلائی جائیں۔ شہید مسافروں کے خاندانوں کو ہرممکنہ سہولت فراہم کی جائے۔

وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ متاثرین کو معاوضہ ادا کرنے کے لیے پیکج تیارکیا جائے۔ ہوائی سفرسے منسلک عوامل میں اصلاحات کےعمل کوتیزکیا جائے۔

دوران اجلاس وزیراعظم عمران خان کو طیارہ حادثےکی شفاف اورغیرجانبدار انکوائری سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کو تحقیقات کیلئےغیرملکی ماہرین کی خدمات حاصل کیےجانے پر بھی بریفنگ دی گئی۔

خیال رہے کہ کراچی میں حادثے کا شکار ہونے والے پی آئی اے کے طیارے کا کاک پٹ وائس ریکارڈ مل گیا ہے۔

تحقیقاتی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ کاک پٹ وائس ریکارڈ میں اہم شواہد موجود ہیں جبکہ وائس ریکارڈر میں کنٹرول ٹاور اور پائلٹ کے درمیان ہونے والی گفتگو کا ریکارڈ موجود ہے۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ کاک پٹ وائس ریکارڈر سے تحقیقاتی عمل میں بہت مدد ملے گی۔ پی آئی اے کی ٹیمیں اس اہم پرزے کی تلاش میں سرگرم تھیں۔

انہوں نے کہا کہ وائس ریکارڈر ائرکرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بورڈ کے حوالے کردیا گیا ہے۔

ایئربس کمپنی نے تصدیق کی کہ پاکستانی ٹیم کے ساتھ کام کرنے والے فرانسیسی ماہرین کو بڑی کامیابی ملی ہے۔ جس میں ائربس 8303 کا کاک پٹ وائس ریکارڈر مل گیا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ کاک پٹ وائس ریکارڈر ملنے کے بعد پاکستانی حکام نے ڈی کوڈ کرنے کی درخواست کی ہے جبکہ کاک پٹ وائس ریکارڈر اور فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر فرانس منتقل کرنے پر پاکستانی ٹیم سے بات ہو گئی۔

Related Articles

Back to top button