پاکستانی خبریں

طیارہ حادثہ، کاک پٹ وائس ریکارڈ جائے حادثہ سے مل گیا

کراچی میں حادثے کا شکار ہونے والے پی آئی اے کے طیارے کا کاک پٹ وائس ریکارڈ مل گیا۔

تحقیقاتی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ کاک پٹ وائس ریکارڈ میں اہم شواہد موجود ہیں جبکہ وائس ریکارڈر میں کنٹرول ٹاور اور پائلٹ کے درمیان ہونے والی گفتگو کا ریکارڈ موجود ہے۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ کاک پٹ وائس ریکارڈر سے تحقیقاتی عمل میں بہت مدد ملے گی۔ پی آئی اے کی ٹیمیں اس اہم پرزے کی تلاش میں سرگرم تھیں۔

انہوں نے کہا کہ وائس ریکارڈر ائرکرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بورڈ کے حوالے کردیا گیا ہے۔

ایئربس کمپنی نے تصدیق کی کہ پاکستانی ٹیم کے ساتھ کام کرنے والے فرانسیسی ماہرین کو بڑی کامیابی ملی ہے۔ جس میں ائربس 8303 کا کاک پٹ وائس ریکارڈر مل گیا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ کاک پٹ وائس ریکارڈر ملنے کے بعد پاکستانی حکام نے ڈی کوڈ کرنے کی درخواست کی ہے جبکہ کاک پٹ وائس ریکارڈر اور فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر فرانس منتقل کرنے پر پاکستانی ٹیم سے بات ہو گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پی آئی اے کا مسافر طیارہ کراچی میں لینڈنگ سے کچھ دیر قبل رہائشی علاقے ماڈل کالونی میں گر کر تباہ ہو گیا تھا جس میں 92 مسافر اور عملے کے 8 ارکان سوار تھے۔ طیارہ حادثے میں دو افراد بشمول بینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود معجزانہ طور پر بچ گئے تھے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ طیارہ حادثے میں 25 گھر متاثر ہوئے ہیں جنہیں مکمل طور پر کلیئر کر دیا گیا۔

Related Articles

Back to top button