پاکستانی خبریں

وزیراعظم کی نتھیاگلی سے تصاویر جاری، احسن اقبال کی سخت تنقید

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پنجاب اور سندھ میں ٹڈی دل نےلاکھوں ایکڑ پر فصلیں تباہ کردی ہیں،کسان پریشان ہیں اور وزیراعظم نتھیا گلی کی تصاویر جاری کررہے ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ کاش وزیراعظم ایمرجنسی لگا کر اپنے آفس میں بیٹھتے، نااہل اور نالائق حکومت ہر روز ملک کے لیے مشکلات پیدا کررہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ان کے پاس وہ مشینیں ہی نہیں جس سے ٹڈی دل کا خاتمہ ہو، مطالبہ کرتا ہوں حکومت کسانوں کے نقصان کا فوری ازالہ کرے، ٹڈی دل کے خلاف فوری قومی ایکشن پلان بناکر قومی اسمبلی کو اعتماد میں لیا جائے اور کسانوں کو ریلیف پیکج دیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کی معیشت تباہ ہوچکی ہے، کورونا کے بغیر بھی ملکی معیشت دیوالیہ ہوچکی تھی، حکومت صرف مخالفین کی پگڑیاں اچھالتی ہے، کسان حکومت سے رابطہ کریں تو کہا جاتا ہے کھیتوں میں ڈھول بجاؤ۔

قومی احتساب بیورو(نیب) کے حوالے سے لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ہمارا انتظامی ڈھانچہ نیب کے ہاتھوں مفلوج ہوچکا ہے، افسران کو جس طرح نیب کی جانب سے بلا کر ڈرایا گیا ہے، اس سے انتظامی بحران ہے، اِس وقت اور کوئی راستہ نہیں سوائے، اس کے کہ اس حکومت رخصت کرکے نیا مینڈیٹ لایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر ملک کو بچانا ہے تو قومی اتفاق رائے سے نئے الیکشن کرائے جائیں، نیب کا قانون کالا قانون ہے، اگر ملک کو چلانا ہے تو اسے ملک کے آئین مطابق بنانا ہوگا، 18 ویں ترمیم اور نیب قانون کا آپس میں کوئی لنک نہیں، ن لیگ کسی ایسی سازش کا حصہ نہیں بنے گی جس میں صوبوں کے حقوق پر ڈاکا ڈالا جائے۔

Related Articles

Back to top button