پاکستانی خبریں

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما امیر مقام کورونا کا شکار

پاکستان مسلم لیگ(ن) خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں اور انہوں نے خود کوقرنطینہ کر لیا ہے۔

مسلم لیگ کے سینئر رہنما امیر مقام نے طبیعت کی خرابی پر کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرایا تھا اور آج اس کی رپورٹ مثبت آ گئی ہے۔

امیر مقام نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی کورونا کا شکار ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔

انہوں عوام سے دعا کی درخواست کرتے ہوئے احتیاط سے کام لینے کی ہدایت کی۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے امیر مقام کے کورونا کا شکار ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امیر مقام خیبر پختونخوا میں پارٹی کا ایک متحرک نام ہیں، پارٹی کے لیے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی پاکستان میں متعدد سیاستدان اور اہم شخصیات کورونا وائرس کا شکار ہو چکی ہیں۔

وزیر تعلیم سندھ سعید غنی میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی اور آئسولیشن میں رہنے کے دوران وہ وائرس سے صحتیاب ہو گئے تھے۔

گزشتہ ماہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ان کے دو بچوں کے ساتھ ساتھ گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی وائرس کا شکار ہو گئے تھے لیکن رواں ماہ دونوں شخصیات وائرس صحتیاب ہو گئی تھیں۔

چند دن قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا بھی کورونا وائرس کا شکار ہو کر انتقال کر گئی تھیں۔

اس سے ایک دن قبل رکن بلوچستان اسمبلی اور سابق گورنر سید فضل آغا کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد کراچی کے نجی ہسپتال میں انتقال کر گئے تھے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان بھی کورونا وائرس سے بری طرح متاثر ہوا ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ ملک میں اموات اور متاثرہ افراد کی بڑھتی جا رہی ہے۔

 

 

Related Articles

Back to top button