پاکستانی خبریں

سپریم کورٹ کا ملک بھر میں شاپنگ مالز اور کراچی کی تمام مارکیٹس کھولنے کا حکم

سپریم کورٹ نے ملک بھر میں شاپنگ مالز اور کراچی کی تمام مارکیٹس کھولنے کا حکم دے دیا، چیف جسٹس نے ہدایت کی عید کے موقع پر ہفتے ،اتوار کو بھی مارکیٹیں بند نہ کی جائیں جبکہ سندھ حکومت سے بڑے شاپنگ مالز کھولنے پر ہدایات فوری طلب کرلی۔

سپریم کورٹ میں کورونا ازخود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی ہے ، چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 5رکنی لارجر بینچ نے سماعت کی، ایڈیشنل اٹارنی جنرل عدالت میں پیش ہوئے جبکہ اٹارنی جنرل خالد جاوید نے کراچی سے وڈیولنک پر دلائل کا آغاز کیا۔

کوروناازخودنوٹس کیس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے کراچی کی تمام مارکیٹس کھولنے کا حکم دے دیا، چیف جسٹس کی کمشنر کراچی کو مارکیٹس کھولنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا زینب مارکیٹ میں غریب لوگ آتےہیں، زینب مارکیٹ میں لوگوں کو ایس او پیز پر عمل کرائیں، ایس او پیز پر عمل کرانا ہے آپ نے لوگوں کو مارنا یا ڈرانا نہیں۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کیا کراچی میں چند مالز کے علاوہ تمام مارکیٹس کھلی ہیں، جو دکانیں سیل کی گئیں انہیں بھی کھول دیں، چھوٹے تاجر کورونا کے بجائے بھوک سے ہی نہ مرجائیں، وزارت قومی صحت کی رپورٹ اہمیت کی حامل ہے۔

جسٹس گلزار احمد نے استفسار کیا جن چھوٹی مارکیٹس کو کھولا گیا وہ کونسی ہیں؟ کیا زینب مارکیٹ اور راجہ بازار چھوٹی مارکیٹس ہیں؟ کیا طارق روڈ ،صدر کا شمار بھی چھوٹی مارکیٹوں میں ہوتا؟ جس پر ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے بتایا کہ شاپنگ مالز کے علاوہ تمام مارکیٹیں کھلی ہیں جبکہ کمشنر کراچی کا کہنا تھا کہ مالز میں 70فیصد لوگ تفریح کے لئے جاتے ہیں۔

کوروناازخودنوٹس کیس کی سماعت میں سپریم کورٹ نے چیف سیکریٹری سندھ کو فوری طلب کرتے ہوئے سندھ حکومت سے بڑے شاپنگ مالز کھولنے پر ہدایات فوری مانگ لی، اےجی سندھ نے کہا حکومت آج سے شاپنگ مالز کھولنے پر غور کررہی ہے۔

جسٹس مظہرعالم کا کہنا تھا کہ باقی مارکیٹیں کھلی ہوں گی تو شاپنگ مالز بند کرنے کا کیا جواز؟ چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ عید کے موقع پر ہفتے ،اتوار کو بھی مارکیٹیں بند نہ کی جائیں اور چھوٹے دکانداروں کو کام کرنے دیں۔

چیف جسٹس نے مزید کہا کہ آپ دکانیں بند کریں گے تو دکاندار تو بھوک سے مر جائے گا، کراچی میں 5بڑے مالز کےعلاوہ کیا سب مارکیٹیں کھلی ہیں،کمشنر کراچی نے بتایا کہ کچھ مارکیٹس کو ایس او پی پر عمل نہ کرنے پر سیل کیا ہے۔

جسٹس گلزار کا کہنا تھا کہ سیل کی گئی مارکیٹس بھی کھولیں ،انھیں ڈرانے کے بجائے سمجھائیں، کراچی کی تمام مارکیٹ کھول دیں، مارکیٹس میں چھوٹے طبقے کا کاروبار ہے۔

یاد رہے کورونا وائرس از خود نوٹس کیس میں وفاقی حکومت نے رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی تھی، جس میں قومی رابطہ کمیٹی میں کئےگئے فیصلوں سےمتعلق عدالت کو آگاہ کیا ہے۔

 

Related Articles

Back to top button