پاکستانی خبریں

قومی ایئر لائن نے اپنے ملازمین سے متعلق کڑا فیصلہ لے لیا، بڑی پابندی عائد

قومی ایئر لائن (پی آئی اے) نے اپنے ملازمین اور ٹریول ایجنٹس کے رعایتی ٹکٹوں پر پابندی لگا دی۔

پی آئی اے پسنجر سیلز ڈپارٹمنٹ نے سرکلر جاری کرتے ہوئے اپنے ملازمین اور ٹریول ایجنٹس کے رعایتی ٹکٹوں پر پابندی لگا دی ہے۔

اس پابندی کا اطلاق پی آئی اے کی تمام بین الاقوامی خصوصی پروازوں پر ہوگا، سرکلر کے مطابق خصوصی پروازیں محدود تعداد میں یک طرفہ سفر کرنے والے مسافروں کے لیے ہیں اور یہ پروازیں پسنجر لوڈ کے مطابق اور بنا کسی منافع کے چلائی جا رہی ہیں۔

سرکلر میں کہا گیا ہے کہ تمام خصوصی پروازیں وزارت خارجہ اور این سی او سی کی ہدایات پر چلائی جا رہی ہیں، تاحکم ثانی ٹریول ایجنٹس اور ملازمین کی بین الاقوامی رعایتی ٹکٹوں پر پابندی برقرار رہے گی۔

سرکلر کے مطابق خصوصی پروازوں میں سفر کرنے کے لیے ایئرلائن ملازمین اور ایجنٹس کو بھی مکمل کرایہ ادا کرنا ہوگا، ذرایع کا کہنا ہے کہ عام کمرشل پرواز میں ملازمین اور ایجنٹس کو بعض صورتوں میں ٹکٹ میں 70 سے 80 فی صد رعایت دی جاتی ہے۔

گزشتہ روز خصوصی پروازوں پر زائد کرایوں کے معاملے پر ترجمان پی آئی اے نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ کراچی تا اسلام آباد یا لاہور یک طرفہ کرایہ بشمول ٹیکس 22826 روپے سے شروع ہوتا ہے، کراچی تا پشاور یک طرفہ کرایہ بشمول ٹیکس 22108 روپے سے شروع ہوتا ہے۔ کراچی تا کوئٹہ اور کوئٹہ تا لاہور یا اسلام آباد یک طرفہ کرایہ بشمول ٹیکس 14448 روپے سے شروع ہوتا ہے۔

 

Related Articles

Back to top button