پاکستانی خبریں

امارات جانے کے خواہش مند افراد کیلئے پاکستانی سفارت خانے کی اہم ہدایت جاری

امارات کی حکومت نے کورونا وائرس کی وبا کے بعد احتیاطی اقدامات اختیار کرتے ہوئے ان غیر مُلکیوں کے بھی امارات واپس آنے پر پابندی لگا رکھی ہے جن کے پاس اماراتی ویزہ ہے، مگر وہ سفری پابندیوں کے باعث اپنے آبائی مُلک یا کسی اور مُلک میں پھنس کر رہ گئے ہیں۔

اماراتی وزرات برائے خارجہ امور کی جانب سے توجدی سروس شروع کی گئی ہے جس میں اپنی رجسٹریشن کروانے کے بعد اماراتی ویزہ ہولڈر کی جلد امارات واپسی ممکن ہو سکتی ہے۔

اس حوالے سے دُبئی میں واقع پاکستانی ایمبیسی کی جانب سے پیغام دیا گیا ہے کہ جو پاکستانی ویزہ ہولڈر اس وقت امارات سے باہر ہیں اور فوری طور پر واپس امارات آنا چاہتے ہیں۔ وہ توجدی سروس میں اپنی رجسٹریشن کروائیں۔

جن افراد کو توجدی سروس میں رجسٹریشن کروانے کے بعد بھی مسائل درپیش ہیں وہ سفارت خانے کے نمبر +971600522222، +97123128865 اور +97123128867پر رابطہ کریں تاکہ ان کی بہترین رہنمائی کی جا سکے۔

واضح رہے کہ اماراتی وزارت خارجہ نے توجدی ویب سائٹ پر رجسٹریشن کروانے والے افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس وقت تک اپنی فضائی ٹکٹ کی بکنگ نہ کروائیں جب تک ان کی امارات واپسی کی درخواست منظور نہ ہو جائے اور انہیں منظوری کے بعد اپروول نمبر فراہم نہ کر دیا جائے۔ جو اماراتی ویزہ ہولڈر توجدی سروس میں اپنی رجسٹریشن کروانا چاہتے ہیں، وہ ویب سائٹ https://www.mofaic.gov.ae/en/Services/Twajudi-Resident پر جائیں۔

جہاں انہیں ‘Start service’ پر کلک کرنا ہو گا، جس کے بعد ایک پیج کھُل جائے گا جس پر وزارت خارجہ امور کا ایک خصوصی ایپلی کیشن فارم موجود ہو گا۔اس ایپلی کیشن فارم پر درخواست گزار کو اپنا اماراتی آئی ڈی نمبر درج کرنا ہو گا، اس کے بعد پاسپورٹ نمبر، پاسپورٹ ٹائپ، قومیت، موبائل نمبر، ای میل ایڈریس اور تاریخ پیدائش کا بھی اندراج کرنا ہو گا۔ اگلے مرحلے میں اپنی اسکین کی گئی پاسپورٹ سائز رنگین فوٹو اور اماراتی رہائشی ویزہ کی کاپی اپ لوڈ کرنی پڑے گی۔

اس کے علاوہ امارات سے باہر جانے کی وجہ بھی بتانی ہو گی۔ اس مقصد کے لیے ثبوت کے طور پر اپنی کمپنی، تعلیمی ادارے، طبی ادارے یا سیاحتی دورے کی صورت میں فلائٹ ٹکٹس کی کاپیاں بھی اپ لوڈ کرنی پڑیں گی۔

Related Articles

Back to top button