آل پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشن کا یکم جون سے اسکولز کھولنے کا اعلان

آل پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشن نے لاہور میں یکم جون سے اسکول کھولنے کا اعلان کرديا۔ صدر کاشف مرزا کہتے ہیں کہ حکومت اسکولز کھولنے کیلئے ایس او پیز جاری کرے بصورت ديگر اپنے ايس او پيز کے تحت اسکولز کھولیں گے۔

وفاقی حکومت نے چند روز قبل 23 مارچ سے بند تعلیمی ادارے 15 جولائی تک بند رکھنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد صوبوں نے بھی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

آل پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کے صدر کاشف مرزا نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے یکم جون سے تمام نجی اسکول کھولنے کا اعلان کردیا۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت اسکولز کھولنے کیلئے ایس او پیز جاری کرے، تمام شعبوں کی طرح ہم بھی ایس او پیز پر عمل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت یکم جون سے اسکولز کھولنے کا اعلان کرے، اگر حکومت نے ایس او پیز جاری نہیں کئے تو اپنے ایس او پیز کے تحت اسکول کھول دیئے جائیں گے۔

واضح رہے کہ سندھ حکومت نے بھی تمام تعلیمی ادارے 15 جولائی تک بند رکھنے کا اعلان کردیا۔ وزیر تعلیم سعید غنی کا کہنا ہے کہ سندھ میں یکم جون سے اسکول نہیں کھلیں گے، صوبہ بھر میں پہلی سے 8ویں جماعت تک کے طالب علموں کو پروموٹ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں