پاکستانی خبریں

سندھ حکومت کے خلاف بار بار بیانات آرہے ہیں: راجہ ظفرالحق

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما راجہ ظفر الحق نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کے خلاف بار بار بیانات آرہے ہیں، افراتفری کا ماحول ہے۔

خیال رہے کہ آج وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے سینیٹ میں اپوزیشن جماعت کے خلاف تقریر کی اور کہا کہ سندھ ہمارا ہے، اس کے دارالحکومت میں پی ٹی آئی اور ایم کیوایم کی اکثریت ہے، آپ صوبے کے ٹھیکیدار نہ بنیں۔

انہوں نے کہا کہ جیسے پنجاب میں لوہا منوایا اب سندھ میں ہم اپنا لوہا منوائیں گے، تیاری کرلو۔

اس پر سینیٹ اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے لیگی رہنما راجہ ظفرالحق کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے خلاف بار بار بیانات آرہے ہیں، افراتفری کا ماحول ہے، سندھ کو کام کرنے سے روکا گیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو ان سنگین حالات میں اجلاس خود کرانا چاہیے تھا، لیکن مجبوراً ہمیں سینیٹ اجلاس کی ریکوزیشن دینی پڑی، آئینی ادارے بالخصوص پارلیمنٹ سے ان ہی مواقع پر رائے لی جاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت بجائے اس کے کہ اپوزیشن کے ساتھ مل کرحل تلاش کرتی، بات کرنا ہی گوارا نہیں کرتی۔

علاوہ ازیں ن لیگی سینیٹر مصدق ملک نے ملک میں 4 سے 6 ہفتوں تک مؤثر لاک ڈاؤن کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس چار سے چھ ہفتوں کے لاک ڈاؤن سے وائرس کی کمر ٹوٹ جائے تو ملک کو گرین، یلو اور ریڈ زونز میں تقسیم کریں، عید تک وارڈز اور یونین کونسلز کی سطح پر 100 فیصد ٹیسٹنگ کو یقینی بنایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ جن علاقوں میں کورونا نہیں وہاں کاروبار کھول دیں، جہاں زیادہ کورونا ہے، اسے ریڈ زون ڈکلیئر کریں۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور اب تک مہلک وائرس سے 734 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

ملک بھر میں مہلک وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد ساڑھے 32 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

Related Articles

Back to top button