پاکستانی خبریں

احتیاط نہ کی گئی تومجبوراً دوبارہ لاک ڈاؤن لگا دیا جائے گا، اسد عمر

عید کی تیاری ضرورکریں لیکن اپنے پیاروں کی جان کا خطرہ نہ بنیں، کل ایسے لگا جیسے لاک ڈاؤن نہیں کورونا ختم ہوگیا ہے۔ وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اسد عمر کا ٹائیگرفورس کی تقریب سے خطاب

وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ احتیاط نہ کی گئی تو مجبوراً دوبارہ بندشیں لگا دیں گے،عید کی تیاری ضرورکریں لیکن اپنے پیاروں کی جان کا خطرہ نہ بنیں، کل ایسے لگا جیسے لاک ڈاؤن نہیں کورونا ختم ہوگیا ہے۔ انہوں نے ٹائیگرفورس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عثمان ڈارنےبڑی محنت سےٹائیگر فورس کو کھڑا کیا۔

ٹائیگر فورس ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ملکر کام کرے گی۔ وزیراعظم کی ہدایت پر لاک ڈاؤن میں نرمی کی۔ کل لگ رہا تھا جیسے لاک ڈاؤن میں نرمی کا نہیں بلکہ کورونا ختم ہونے کا اعلان ہوا ہے۔

عید کی تیاری ضرورکریں لیکن جان کا خطرہ نہ بنیں ، احتیاط نہ کی گئی تو بندشیں دوبارہ لگا دیں گے۔ امید ہے لوگ بات کو سمجھیں گے اورہدایات پر عمل کریں گے۔ حکومت عوام کی زندگی میں آسانی پیدا کرنے کی ہرممکن کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام لاک ڈاؤن میں نرمی سے احتیاطی تدابیر پر عمل نہیں کررہے۔ قومی رابطہ کمیٹی میں بندشیں ختم کرنے کا فیصلہ مشترکہ تھا۔

کورونا کیخلاف قوم متحد ہے، مشکل حالات پر قابو پائیں گے۔ دوسری جانب حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن ختم کرنے اور چھوٹے کاروبار کھولنے کی اجازت کے ساتھ ہی مارکیٹوں اور بازاروں میں لوگوں کا رش لگ گیا ہے۔ لوگوں نے بغیر احتیاطی تدابیر شاپنگ کی۔ جس سے کورونا وائرس پھیلنے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی ایس او پیز پر کسی نے عمل نہیں کیا، ایسا طریقہ کار نہ اپنایا جائے کہ حکومت کو دوبارہ سختی کرنا پڑے۔

آج سندھ میں 4 ہزار 64 ٹیسٹ کیے گئے ہیں، سندھ میں اب تک کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے 99 ہزار 117 کیے جاچکے ہیں۔ 24 گھنٹوں میں مزید 593 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد صوبے میں کورونا مریضوں کی کل تعداد 12 ہزار 610 ہوگئی ہے، جن میں سے اب تک 2 ہزار 229 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔ اس وقت 10163 مریض زیرعلاج ہیں، 8668 مریض گھروں جب کہ 915 آئسولیشن مراکز اور 580 اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔

82 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 27 وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ ایک دن میں صوبے بھر میں سب سے زیادہ 18 اموات ہوئی ہیں، جس کے بعد کورونا وائرس کے باعث سندھ میں 218 ہلاکتیں ہوگئی ہیں۔وزیراعلی سندھ نے بتایا کہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں 412 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جس کے بعد کراچی میں کورونا مریضوں کی تعداد 9 ہزار 494 ہوگئی۔

Related Articles

Back to top button