پاکستانی خبریں

شہباز شریف نے برطانوی اخبار پربڑا مقدمہ دائر کر دیا، مگر کیوں؟

اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نے برطانوی اخبار ڈیلی میل پر ہتک عزت کا مقدمہ کر دیا ہے۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے لندن ہائی کورٹ میں برطانوی اخبار ڈیلی میل کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کر دیا ہے، جس میں انھوں نے دعویٰ کیا کہ اخبار میں میرے خلاف ہتک آمیز مضمون سے ’ذاتی اور پیشہ ورانہ ساکھ‘ کو شدید نقصان پہنچا۔

شہباز شریف نے دعوے میں کہا کہ اخبار نے صحافتی اصولوں کی پاس داری نہیں کی، ہتک آمیز مضمون سے ساکھ کو شدید نقصان پہنچا، انصاف کے لیے عدالت سے رجوع کرنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں تھا۔ شہباز شریف نے استدعا کی کہ اخبار کو مزید کسی متنازع رپورٹ کی اشاعت سے روکا جائے۔

ڈیلی میل میں شہباز شریف کے خلاف مضمون لکھنے والے صحافی ڈیوڈ روز سے جب مقدمے کے حوالے سے مؤقف پوچھا گیا تو انھوں نے کہا کہ اب یہ معاملہ عدالت میں ہے اس لیے وہ کوئی تبصرہ نہیں کر سکتے۔

شہباز شریف نے مقدمے کے لیے 10 ہزار 528 پاؤنڈ کورٹ فیس ادا کی، ہرجانے کی رقم کا تعین ابھی نہیں کیا گیا، مقدمہ ہائی کورٹ آف جسٹس میں سماعت کا منتظر ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال 14 جولائی کو برطانوی اخبار نے شہباز شریف سے متعلق مضمون شائع کیا تھا، صحافی ڈیوڈ روز نے مضمون میں شہباز شریف پر کرپشن اور غبن کے الزامات لگائے تھے۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے گزشتہ برس برطانوی صحافی کو لندن کی عدالت میں لے جانے کا اعلان کیا تھا۔

Related Articles

Back to top button