پاکستانی خبریں

پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ستائیس ہزار سے تجاوز کر گئی، 7,756 افراد صحتیاب

ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 1637 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی جبکہ 24 مریض جاں بحق ہوگئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 1637 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ 24 افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ اس طرح کورونا کے مصدقہ مریض 27 ہزار 446 ہوگئے جب کہ 618 جاں بحق ہوگئے۔

پنجاب

پنجاب سے آج اب تک کورونا کے مزید 438 کیسز سامنے آئے ہیں جس کی تصدیق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کی۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق صوبے میں کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 10471 ہوگئی ہے۔

سندھ 

وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 5498 ٹیسٹ کیے گئے جس کے بعد ٹیسٹوں کی تعداد 87108 ہوگئی ہے جب کہ 24 گھنٹوں میں کیے گئے ٹیسٹوں میں 1080 نئے کیسز سامنے آئے۔

سندھ میں نئے کیسز کے بعد کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد9 ہزار  691  تک جا پہنچی ہے جب کہ ہلاکتیں 180 ہوگئی ہیں۔

خیبرپختونخوا 

محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں مزید 371 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4327 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت نے بتایاکہ صوبے میں اب تک کورونا سے 1033 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

بلوچستان 

محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 1876 ہوگئی ہے۔

صوبے میں کورونا سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 24 ہوئی ہے جب کہ 222 افراد اب تک صحتیاب ہوچکے ہیں۔

اسلام آباد 

وفاقی دارالحکومت میں آج کورونا وائرس کے مزید 51 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔

سرکاری پورٹل کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 609 ہوگئی ہے جب کہ شہر میں وائرس سے اب تک 4 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

گلگت بلتستان

سرکاری پورٹل کے مطابق گلگت میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 421 تک پہنچ گئی۔

گلگت میں کورونا وائرس سے 3 افراد کا انتقال ہوا ہے جبکہ اب تک 298 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

آزاد کشمیر 

آزاد کشمیر سے آج کورونا کا ایک کیس سامنے آیا ہے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیا گیا ہے۔

پورٹل کے مطابق علاقے میں کورونا کے کیسز کی کل تعداد 79 ہوگئی ہے اور 60 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں جب کہ اب تک کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی ہے۔

Related Articles

Back to top button