پاکستانی خبریں

قومی اسمبلی کا اجلا س آج طلب، موجودہ صورت حال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گیارہ مئی سہ پہر تین بجےقومی اسمبلی کا اجلا س طلب کرلیا۔

 صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قومی اسمبلی کا اجلاس 11 مئی سہ پہر تین بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کیا جس میں  کورونا کی موجودہ صورت حال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا اور فیصلوں سے متعلق ایوان کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

اراکین قومی اسمبلی کو اجلاس میں شرکت سے قبل کرونا ٹیسٹ لازمی کرانا ہوگا جبکہ اسمبلی ملازمین کے بھی ٹیسٹ کیے جائیں گے۔ قومی اسمبلی اجلاس کے دوران عام افراد کا داخلہ ممنوع ہوگا جبکہ پارلیمنٹ لارجز میں داخلے کیلئے ایس او پیز بھی تیار کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق جن اراکین اسمبلی یا ملازمین کو بخار یا کرونا سے متعلق کوئی بھی علامات ظاہر ہوئی انہیں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے بارہا یہ مطالبہ کیا گیا کہ کرونا وائرس کے حوالے سے حکومت قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرے جس میں تمام اقدامات پر ایوان کو اعتماد میں لیا جائے اور آئندہ کی حکمت عملی پر بھی بات چیت کی جائے۔

واضح رہے کہ 13 مارچ کو قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کیا گیا تھا جس میں کرونا وائرس کی صورتحال پر بحث کی گئی تھی۔ دوران اجلاس وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا تھا کہ ملک میں کرونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر اور اراکین کی تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردیا جائے، ہم کوئی خوف و ہراس نہیں پھیلانا چاہتے مگر حفظ ماتقدم کے طور پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس ملتوی کردیا جائے۔

انہوں نے ایوان کو بتایا تھا کہ وزیراعظم عمران خان سے بھی اس حوالے پر گفتگو ہوئی تو انہوں نے آمادگی ظاہر کی ۔ قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اجلاس ختم کردیا تھا۔

Related Articles

Back to top button