پی آئی اے کا طیارہ ہالینڈ میں پھنسے پاکستانیوں کو لیکر وطن پہنچ گیا

قومی ائر لائن (پی آئی اے) کا خصوصی طیارہ ہالینڈ میں پھنسے ہم وطنوں کو لے کر پاکستان پہنچ گیا۔

پی آئی اے کی پرواز پی کے 8834 کے ذریعے 46 مسافر اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے ،مسافروں کو طیارے میں سماجی فاصلے کے تحت بٹھایا گیا تھا۔ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق اسلام آباد ائرپورٹ پر ڈاکٹرز کی ٹیم نے مسافروں کی طبی جانچ اور اسکریننگ کی،تمام مسافروں کو مختص ہوٹلز کے قرنطینہ منتقل کر کے نمونے حاصل کرلیے گئے۔

کورونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آنے پر مسافروں کو گھر جانے کی اجازت دی جائے گی۔ اس سے قبل پی آئی اے مختلف ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کو بھی واپس لا چکی ہے۔قومی ایئرلائن (پی آئی اے) امریکہ میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کا پلان بھی بنا چکی ہے۔ذرائع کے مطابق امریکی ایئرپورٹ اتھارٹی نے پی آئی اے کی خصوصی پروازوں کیلئے سلاٹ مختص کر دیا ہے، پی آئی اے کی پہلی پرواز 12 مئی کو اسلام آباد سے واشنگٹن ڈی سی روانہ ہو گی، پی آئی اے بوئنگ ٹرپل 777 طیارہ بغیر مسافروں کے امریکہ جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں