وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس آج ہوگا، لاک ڈاؤن میں نرمی کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں لاک ڈاؤن نرم کیے جانے سے متعلق اہم فیصلے آج کئے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس جاری ہے ، جس میں صوبائی وزرائے اعلیٰ، عسکری وسول اداروں کے اعلیٰ حکام شریک ہیں جبکہ وفاقی وزرا،معاونین خصوصی چیئرمین این ڈی ایم اے بھی شرکت کررہے ہیں۔

قومی رابطہ کمیٹی کےاجلاس میں کوروناوائرس کی موجودہ اور متوقع صورتحال پر تفصیلی غور کیا جائے گا اور چیئرمین این ڈی ایم اے اورمشیرصحت صورتحال پربریفنگ دیں گے جبکہ لاک ڈاؤن میں نرمی سے متعلق این سی او سی کے فیصلوں کی توثیق اورایس او پیز کی منظوری دے دی جائے گی۔

عوامی مقامات پرفیس ماسک پہننالازمی قراردیےجانےکاامکان ہے ، فیصلوں کی منظوری کے بعد وزیراعظم عمران خان اہم فیصلوں پرقوم کواعتماد میں لیں گے۔

قومی رابطہ کمیٹی اندرون ملک پروازوں کی اجازت سےمتعلق ، پبلک ٹرانسپورٹ،انٹرسٹی ٹرانسپورٹ بحالی اور عید کی خریداری کے لئے دکانوں کھولنےیانہ کھولنےسےمتعلق فیصلہ کرے گی۔

گذشتہ روز نیشنل کمانڈاینڈکنٹرول سینٹرمیں وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اسدعمر کی زیرصدارت اجلاس ہوا تھا ، جس میں نومئی سے لاک ڈاؤن میں نرمی کے لیےسفارشات پرغور کیا گیا ، وفاق نے تجویز دی عید خریداری کے لیے دکانیں فجر سے شام پانچ بجے تک کھولنے کی اجازت دے دی جائے،صوبے چاہیں تو دکانیں کھولنے کا وقت بڑھا سکتے ہیں جبکہ شاپنگ مالزکھولنے کی اجازت نہ دی جائے گی۔

اجلاس میں تعمیراتی شعبے سے منسلک دکانیں کھولنے کی تجویزبھی زیرغورآئی جبکہ صوبوں نے پبلک ٹرانسپورٹ،انٹرسٹی ٹرانسپورٹ بحالی کی تجویزکی مخالفت کی اور پندرہ ٹرینیں بحال کرنیکی تجویز بھی مستردکی گئی۔

اجلاس میں ہفتہ اوراتوار کو لاک ڈاؤن برقراررکھنے کی بھی تجویز دی گئی اور ملک میں شاپنگ مالزبند رکھنے سے متعلق غورہوا جبکہ یکم جون سےتعلیمی ادارےکھولنے پرسندھ اور پنجاب مخالفت کرچکے ہیں۔

ہوابازی کے وزیرغلام سرورخان کے مطابق این سی او سی اجلاس میں اندرون ملک پروازیں چلانےکا فیصلہ ہوگیا ہے، ابتدائی طور پرکراچی، اسلام آباد، لاہور اور کوئٹہ کے ایئرپورٹس سےپروازیں شروع کرنےکا منصوبہ ہے۔

یاد رہے وفاقی کابینہ پہلےہی لاک ڈاؤن میں نرمی کی منظوری دے چکی ہے ، پنجاب حکومت لاک ڈاؤن میں نرمی کےحق میں ہے اور بلوچستان نےلاک ڈاؤن میں 19 مئی تک توسیع کردی جبکہ سندھ حکومت لاک ڈاؤن میں نرمی کے لیے وفاق کےفیصلے کی منتظر ہیں۔

اس سے قبل وفاقی حکومت نے لاک ڈاؤن میں نرمی کا فیصلہ کیا تھا، وزیراعظم عمران خان نے لاک ڈاؤن میں بتدریج کمی کا اعلان کرتے ہوئے پی ٹی آئی ارکان اسمبلی سے گفتگو میں کہا تھا کہ معاشی صورتحال،زمینی حقائق مدنظررکھتے ہیں اہم فیصلےکرنےجارہے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عام آدمی کے مسائل کے پیش نظر لاک ڈاؤن میں بتدریج نرمی کی جائے گی ، حفاظتی اقدامات پر مبنی جامع ایس اوپیز تیار کرلئے ہیں، عوامی نمائندگان ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے متحرک کردارادا کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں