پاکستانی خبریں

نیب نے ملک کو تباہ کر دیا ہے، شاہد خاقان عباسی

سابق وزیر اعظم اور اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن میں کوئی اختلاف نہیں ہاں اختلافِ رائے ضرور ہوتا ہے۔

ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ بیرون ملک جانا شہباز شریف کا حق ہے اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف ہی ہیں۔

ملسم لیگ ن کے سینئر رہنما نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) سے سب سے زیادہ تنگ آج خود حکومت ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ ن پہلے دن سے کہہ رہی ہے کہ نیب کے قوانین میں ترامیم کر لیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ حکومت بہانے کرتی رہی ہے ہم اپنا مقدمہ عوام کے سامنے رکھتے ہیں۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ یہاں کیس نہیں فیس دیکھے جاتے ہیں، اب حکومتی چہرے بھی جلد یہاں نظر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایل این جی کیس کو دو سال گزر گئے لیکن نیب کیس نہیں بنا سکا، ہمیں اب تک یہ بھی نہیں معلوم کہ ہمارے خلاف کیس کیا ہے۔

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نیب نے ملک کو تباہ کر دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کو اس وقت سب سے بڑا چیلنج کورونا وائرس درپیش ہے اور اس صورت حال میں وفاق صوبوں سے لڑنے میں مصروف ہے۔

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے ملک کو تقسیم کرکے رکھ دیا ہے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل شاہد خاقان عباسی نے کہا تھا کہ وہ جاوید اقبال کی بطور چیئرمین نیب تعیناتی پر قوم سے ایک بار پھر معافی مانگتے ہیں۔

Related Articles

Back to top button