پاکستانی خبریں

سب کو کورونا کے مسئلے پر سیاست کے بجائے عوام کی خدمت کرنی چاہیے، گورنر پنجاب

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ کورونا پر سیاست کرنے والوں سے عوام حساب لیں گے۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امدادی سرگرمیوں میں مخیرحضرات اور فلاحی تنظیموں کا کردار قابل ستائش ہے۔ کورونا کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے سب کو اپنے رویوں کو بدلنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ مستحقین کی مالی معاونت کے لیےے حکومت نے اہم اقدامات کیے ہیں تاہم کورونا کا مسئلہ ابھی ختم نہیں ہوا اور عوام حفاظتی تدابیر پر عمل کریں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ عوام بخوبی جانتے ہیں کہ کون کیا کر رہا ہے۔ سب کو کورونا کے مسئلے پر سیاست کے بجائے عوام کی خدمت کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا پر سنجیدگی کے بجائے سیاست کرنے والوں سے عوام حساب لیں گے۔

اس سے قبل بھی گورنر پنجاب نے کہا تھا کہ کورونا صرف پاکستان نہیں پوری دنیا کیلئے خطرہ بن چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس بے قابو ہوچکا ہے اس کی کوئی سرحد نہیں، یہ وقت سیاست کرنے کا نہیں کورونا کیخلاف لڑنے کا ہے۔

گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ حکومت اکیلے کورونا کو شکست نہیں دے سکتی 22 کروڑ عوام متحد ہوں۔ کورونا وائرس کو روکنا ممکن نہیں مگر گھر میں رہ کر بچا جاسکتا ہے، عوام سے اپیل کرتا ہوں خدا کیلئے اپنے گھروں میں رہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے مستحقین میں راشن کی فراہمی جاری ہے اور ریسکیو 1122 کے ذریعے گھروں تک سامان پہنچایا جارہا ہے۔ روزگار ختم ہونے سے کروڑوں افراد مشکل میں ہیں، ہمیں رویوں کو تبدیل کرنا پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ڈاکٹرز اور طبی عملے کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور ریسکیو اہلکار مشکل وقت میں قوم کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

 

Related Articles

Back to top button