پاکستانی خبریں
پاکستان میں صحافیوں نے آزادی صحافت کے لیے بڑی قربانیاں دیں ہیں: بلاول زرداری
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ میڈیا کو دبانے کی کوششوں کا مقصد میڈیا کو اپنے مخالفین پر جبر کے لیے ایک آلے کے طور استعمال کرنا ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ وفاقی حکومت میڈیا کو دبانے والی کوششوں سے باز آ جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کے دوران پریس کی آزادی کی سالانہ درجہ بندی میں تنزلی ہوئی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان میں صحافیوں نے آزادی صحافت کے لیے بڑی قربانیاں دیں ہیں اور پیپلز پارٹی ہمیشہ صحافی برادری کے شانہ بشانہ کھڑی رہی اور آئندہ بھی رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم پریس کی آزادی اور غیرجانبدار صحافت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں جبکہ تحریک انصاف کی حکومت پہلے ہی دن سے میڈیا کی آزادی پر حملے کر رہی ہے۔