پاکستانی خبریں

پنجاب حکومت صنعتکاروں اور تاجروں کے لیے مزید آسانیاں پیدا کرے گی: عثمان بزدار

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ مرحلہ وار کاروبار کی اجازت کے لیے ایس او پیز تیار کر لیے گئے، صنعتکار و تاجر برادری کو عمل کرنا ہوگا۔ بازاروں کو مرحلہ وار کھولا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے اپٹما کے سربراہ کی قیادت میں صنعتکاروں اور تاجروں کی ملاقات ہوئی، وزیر اعلیٰ پنجاب نے صنعتکاروں اور تاجروں کے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت صنعتکاروں اور تاجروں کے لیے مزید آسانیاں پیدا کرے گی، کاروبار چلنے سے ہی عام آدمی کو روزگار ملے گا، کرونا کے باعث سب سے زیادہ مشکلات کا شکار عام آدمی ہے، ہمارا مقصد عام آدمی کی مشکلات کا ازالہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ مرحلہ وار کاروبار کی اجازت کے لیے ایس او پیز تیار کر لیے گئے، صنعتکار و تاجر برادری کو وضع کردہ ہدایات پر عمل کرنا ہوگا۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر انڈسٹری کو بند کر دیا جائے گا، روڈ سیکٹر اور بلڈنگ کے علاوہ دیگر انڈسٹری کھولنے کی اجازت دیں گے۔ سفارشات تیار کر کے وفاقی حکومت کو پیش کردی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئرن اینڈ اسٹیل انڈسٹری اور ہوم اپلائنسز انڈسٹری کھولنے کی تجویز دی، بازاروں کو مرحلہ وار کھولا جائے گا۔ صوبائی وزیر صنعت کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

Related Articles

Back to top button