پاکستانی خبریں

پاکستان نے لانچنگ پیڈز تباہ کرنے کے بھارتی الزامات مسترد کردئیے

پاکستان نے ’دراندازی کی کوششوں‘ کے بے بنیاد بھارتی الزامات اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے پار ’لانچنگ پیڈز‘ کونشانہ بنانے کے من گھڑت دعوں کو سختی سے مسترد کردیا۔

دفتر خارجہ کی جانب سے پریس ریلیز میں کہا گیا کہ پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے حالیہ بے بنیاد دعوی اور اشتعال انگیز بیانات کو بھی مسترد کرتا ہے جن میں کہاگیا تھا کہ ’ہم دشمن پر غالب آچکے ہیں‘۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ بھارت من گھڑت الزامات کی آڑ میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور ریاستی دہشت گردی سے دنیا کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔

علاوہ ازیں ترجمان دفتر کارجہ نے کہا کہ بھارت ان الزامات کو اپنے کسی ’فالس فلیگ‘ آپریشن کے بہانے کے طورپر استعمال کرنا چاہتا ہے جبکہ پاکستان مسلسل عالمی برادری کو اس متعلق باور اور بھارت پر زور دیتا آیا ہے کہ نئی دہلی ایسی کسی بھی حماقت کے ارتکاب سے گریز رہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلسل بھارتی جنگی جنون پورے خطے کے امن کو داو پر لگا چکا ہے۔

وزارت خارجہ نے واضح کیا کہ صرف 2020 میں بھارت جنگ بندی کی 882 مرتبہ خلاف ورزی کرچکاہے جبکہ آزاد جموں وکشمیر میں ایل او سی پر بے گناہ شہری آبادی کو جان بوجھ کر مسلسل نشانہ بنارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نام نہاد محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کی آڑ میں بھارتی قابض افواج بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں خاص طورپر کشمیری نوجوانوں کو نشانہ بنارہی ہیں جبکہ صرف اپریل کے مہینے میں 29 بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیاگیا جن میں سے 7 رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے آغاز میں شہید کئے گئے۔

اس ضمن میں مزید کہا کہ اس کے علاوہ کشمیری صحافیوں کو ڈرانے دھمکانے اور دہشت زدہ کرنے کے واقعات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال مزید پیچیدہ اور مشکل ہوگئی ہے، کشمیریوں کو علاج معالجے، ادویات اور دیگر ضروری اشیا تک رسائی ممکن نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے تنازع کے حوالے سے پاکستان کشمیری عوام کی اس وقت تک مکمل اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا جب تک انہیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق خود ارادیت کاناقابل تنسیخ حق مل نہیں جاتا۔

 

Related Articles

Back to top button