پاکستانی خبریں

پاکستانیوں کی واپسی کے لیے تمام وسائل بروئےکار لا رہے ہیں: شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستانیوں کی مرحلہ وار واپسی کے لیے تمام وسائل بروئےکار لا رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزارت خارجہ میں قائم ایمرجنسی کرائسز مینجمنٹ یونٹ کا دورہ کیا۔وزیرخارجہ کو ڈی جی ایمرجنسی کرائسز مینجمنٹ یونٹ کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔

شاہ محمود قریشی کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ 11529پاکستانیوں کو تاحال بیرون ملک سے واپس لایا جاچکا ہے،بیرون ملک 62 ہزار 709 پاکستانی وطن واپسی کے منتظر ہیں۔

وزیر خارجہ نے ایمرجنسی کرائسز مینجمنٹ یونٹ کی بہترین کارکردگی کو سراہتے ہوئے ڈی جی سلمان اطہر اور ان کی ساری ٹیم کو مبارکباد دی۔

اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی مشکلات کا احساس ہے،پاکستانیوں کی مرحلہ وار واپسی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز حکومت نے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کا فلائٹ شیڈول جاری کیا تھا جس کے مطابق آئندہ 2 ہفتوں کے دوران ملکی اور غیر ملکی ایئر لائن کی مجموعی طور پر 45 پروازیں آپریٹ ہوں گی جن سے 9 ہزار سے زائد پاکستانی واپس آئیں گے، ملکی اور غیر ملکی پروازوں کے ذریعے بیرون ملک پھنسے ساڑھے 9 ہزار پاکستانیوں کی وطن واپسی ہوگی۔

Related Articles

Back to top button