پاکستانی خبریں

14 اپریل کے بعد سندھ میں لاک ڈاون میں نرمی کا عندیہ

وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے چودہ اپریل کے بعد سندھ میں لاک ڈاون میں نرمی کا عندیہ دے دیا ہے۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ لاک ڈاوَن میں نرمی قوانین سے مشروط ہوگی اور صورت حا ل کو دیکھ کرآگے کی حکمت عملی طے کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاوَن سے ہی سندھ میں کورونا کیسز میں کمی آئی ہے اور احتیاط سے ہی کورونا وائرس پر قابو پایا جاسکتا ہے۔

وزیرتعلیم سندھ نے بتایا کہ پیپلزپارٹی کے مخیر ارکان نے راشن کی تقسیم میں حصہ لیا لیکن ہم نے تصویرنہیں لی اور اشتہار نہیں لگوایا اس لیے لگاکہ کام نہیں ہورہا۔

سعید غنی نے بتایا کہ اب تک لاکھوں افراد کو سندھ حکومت راشن پہنچا چکی ہے، امدادی اداروں نے مشکل میں سندھ حکومت کا بہت ساتھ دیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت نے سڑک کے درمیان راشن کی تقسیم سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے اور جو ادارہ راشن دینا چاہے وہ کمشنر کراچی سے رابطہ کریں۔

خیال رہے کہ سندھ میں اس وقت کورونا کے986 مریض ہیں اور18 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ صوبائی حکومت نے 14 اپریل تک لاک ڈاؤن کا اعلان کر رکھا ہے اور تمام عوامی اجتماعات پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔ تمام تعلیمی ادارے اور کاروباری مراکز بند ہیں۔

 

Related Articles

Back to top button