پاکستانی خبریں

پبلک سیکٹر میں کورونا وائرس کی تشخیص، علاج و سہولیات کو بہترسے بہترین بنانا ہے: وزیر اعلیٰ سندھ

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے 6 نئی ٹیسٹنگ پی سی آر مشینیں خریدنے کے علاوہ کینیڈا سے ریپڈ ٹیسٹ مشین بھی خریدنے کی منظوری دی۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کورونا وائرس سے متعلق اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو محکمہ صحت کی کورونا سے متعلق امور پر بریفنگ دی گئی اور کورونا ٹیسٹنگ کی استعداد کار بڑھانے کے حوالے سے تجاویز پر غور کیا گیا۔

محکمہ صحت نے وزیر اعلیٰ سندھ کو بریفنگ میں کہا کہ اس وقت ہمارے پاس 7500 ٹیسٹنگ کٹس موجود ہیں جبکہ ہم ایک دن میں 2020 ٹیسٹ کر سکتے ہیں۔ کوشش ہے کہ ٹیسٹنگ کی استعداد کار یومیہ 5 ہزار ٹیسٹ تک لے جائیں۔

صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ اگلے ایک ہفتے میں مزید 15 ہزار کٹس سندھ پہنچ جائیں گی۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ برطانیہ سے مزید 2 لاکھ ٹیسٹنگ کٹس خریدنے کی منظوری دے دی ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے 6 نئی ٹیسٹنگ پی سی آر مشینیں خریدنے کے علاوہ کینیڈا سے ریپڈ ٹیسٹ مشین بھی خریدنے کی منظوری دی۔

رپیڈ ٹیسٹ مشین کے ساتھ ایک لاکھ ٹیسٹ کٹس بھی خریدنے کی منظوری دی گئی۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ تمام مشینوں اور ٹیسٹنگ کٹس کی ٹیکنیکل کمیٹی منظور کر چکی ہے، ہمیں پبلک سیکٹر میں کورونا وائرس کی تشخیص، علاج و سہولیات کو بہترسے بہترین بنانا ہے۔

مزید پڑھیں: ملک بھر میں کورونا سے متاثرین کی تعداد 2708 جبکہ 130 افراد صحتیاب

واضح رہےکہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے شکار افراد کی تعداد 2708 ہوگئی ہے جبکہ اس خطرناک بیماری سے 41 افراد جاں بحق اور 130 صحت یاب ہوچکے ہیں۔

Related Articles

Back to top button