پاکستانی خبریں

حکومت پنجاب کا دیہاڑی دار مزدور کو خوشخبری سنادی، اہم پیکج کا اعلان

حکومت پنجاب نے لاک ڈاؤن سے متاثرہ دیہاڑی دار اور مزدور طبقے کے لیے خصوصی پیکح دینے کا فیصلہ کر لیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت بند کمرے کے بجائے لان میں اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب فنانشل پیکج کے حوالے سے سفارشات اور تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے دیہاڑی دار اور مزدور طبقے کے لیے پیکج کا طریقہ کار طے کرنے کی ہدایت کی۔ لاک ڈاؤن سے متاثرہ دیہاڑی دار اور مزدور طبقے کو ایزی پیسہ کے ذریعے مالی ریلیف دیا جائے گا۔

ریلیف پیکج کے لیے اضلاع کی سطح پر ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں کمیٹیاں بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ خصوصی کمیٹیوں میں عوامی نمائندے اور دیگر مکاتب فکر کو نمائندگی دی جائے گی۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہونے والے سرکاری ملازمین کو خصوصی پیکج دیا جائے گا جبکہ نادار طبقے کو مشکل کی گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نادار طبقے کی ضروریات کا خیال رکھے گی اور وزیر اعظم ریلیف پیکج کے تحت بھی محنت کشوں کو مالی مراعات دی جائیں گی۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: پنجاب میں سب سے زیادہ کیسز 490 ریکارڈ، ملک بھر میں تعداد 1408 تک جاپہنچی

واضح رہےکہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 1408 تک جاپہنچی ہے جب کہ وائرس سے اب تک 11 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

Related Articles

Back to top button