پاکستانی خبریں

کورونا وائرس: خیبرپختونخوا کا عوام کے لیے ریلیف پیکج کی منظوری

خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات اجمل وزیر کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے پیش نظر لاک ڈاون سے متاثرہ صوبے کی عوام کو ریلیف پہنچانے کے لیے کابینہ نے ریلیف پیکج کی منظوری دے دی ہے۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اجمنل وزیر کا کہنا تھا کہ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں عوام کو ریلیف پہنچانے کے لیے ٹیکسوں میں چھوٹ کی منظوری دی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ریلیف پیکج نادار طبقے کو مشکلات سے بچانے کے لیے دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے صوبے کے تعلیمی اداروں میں بدنش میں اضافے کی بھی منظوری دی اور اب صوبے کے تمام تعلیمی ادارے 31 مئی تک بند رہیں گے۔

مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کابینہ نے صوبے میں عام تعطیلات میں 5 اپریل تک کی توسیع دے دی ہے جبکہ شادی ہالوں سمیت اور بڑے اجمتاعات پر پابندی کو 30 اپریل تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کابینہ نے گندم کی خریداری کے لیے 17 ارب 50 کروڑ روپے کا پیکج منظور کرلیا ہے۔

صوبے میں کورونا وائرس کے کیسز کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ تازہ رپورٹس کے مطابق خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کے مشتبہ کیسز کی تعداد 716 اور176 تصدیق شدہ کیسز ہیں جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 53 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ صوبے میں وائرس سے 3 افراد انتقال کرچکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے محکمہ صحت کے لیے 50 کروڑ روپے کے گرانٹ کی منظوری بھی دی ہے۔

انہوں نے عوام سے سماجی دوری اپنانے اور حفاظتی اقدامات کرنے پر زور بھی دیا۔

خیال رہے کہ ملک میں 26 فروری کو کورونا وائرس کا پہلا کیس رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد ایک ماہ کے دوران یہ تعداد 1286 تک پہنچ گئی جبکہ اس سے 9 اموات بھی ہوئیں۔

دوسری جانب وائرس سے متاثرہ افراد جو صحتیاب ہوئے ان کی تعداد 23 ہوچکی ہے۔

صوبوں کی بات کی جائے تو صوبہ سندھ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں 27 مارچ کی شام تک 440، پنجاب میں 419، بلوچستان میں 131 اور خیبرپختونخوا میں 176، گلگت بلتستان 91 اسلام آباد 27 اور آزاد کشمیر مین 2 کیسز سامنے آئے۔

Related Articles

Back to top button