پاکستانی خبریں

امریکا نے کورونا کے خلاف ہنگامی امداد کے لیے پاکستان کو ترجیحی ملک میں رکھا ہے: امریکی سفیر

پاکستان میں امریکی سفیر پال جانز نے کہا کہ امریکا کورونا وائرس کے خلاف لڑائی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر امریکی سفیر پال جانز نے پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ امریکا کورونا وائرس کے خلاف پاکستان کو نئے فنڈز فراہم کرےگا۔

امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ امریکا نے کورونا کے خلاف ہنگامی امداد کے لیے پاکستان کو ترجیحی ملک میں رکھا ہے، لیب اور کورونا وائرس کی نشاندہی کے لیے پاکستان کو 10 لاکھ ڈالر کے نئے فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا کوروناوائرس کے خلاف لڑائی میں پاکستان کےساتھ کھڑا ہے۔ امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ امریکا اور پاکستان عالمی سطح پر صحت سے متعلق چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دیرینہ شراکت دار ہیں اور سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول (سی ڈی سی) سے 100 سے زائد فارغ التحصیل پاکستانی گلگت بلتستان اور پنجاب میں کورونا کے معاملات کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

پال جانز کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کو جیکب آباد انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے قیام کے لیے 18 ملین ڈالر فراہم کیے گئے جبکہ خیبرپختونخوا کو 13 جدید ایمبولینسیں بھی فراہم کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے اور متاثر افراد کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

Related Articles

Back to top button