صوبہ پنجاب میں تمام خواتین، کم عمر اور معمولی جرائم میں ملوث قیدیوں کی رہائی کا حکم

کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظرلاہور ہائی کورٹ نے صوبے بھر کی جیلوں میں قید تمام خواتین، کم عمر اور معمولی جرائم میں ملوث قیدیوں کی رہائی کا حکم دے دیا۔

اس حوالے سے ڈی جی ڈائریکٹوریٹ آف ڈسٹرکٹ جوڈیشری نے صوبے بھر کے تمام سیشن ججز کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کورونا سے بچاو کیلئے معمولی نوعیت کے مقدمات میں قید ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں متعلقہ سپرنٹنڈنٹس جیلز کو دائر کرنے کی ہدایت کی جائے۔

مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ متعلقہ سیشن ججز ضمانت کی درخواستیں متعلقہ ٹرائل کورٹ میں سماعت کیلئے مقرر کریں گے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سات سال سے کم قید والے ملزمان، کم عمر اور خواتین قیدیوں کی ضمانت کی درخواستیں ترجیحی بنیادوں پر منظور کی جائیں۔

مراسلے میں کہا گیا ہے 7 سال سے زائد قید والے ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں جیل سپرنٹنڈنٹس براہ راست لاہور ہائی کورٹ میں دائر کریں۔

اسی طرح متعلقہ ڈی پی او قید سے چھوٹنے والے قیدیوں کے عام افراد میں ملنے پر نظر رکھیں گے۔ قید سے چھوٹنے والے قیدیوں کو مکمل تنہائی میں رہنے کا حکم دیا جائے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ جیلوں میں داخل ہونے والے نئے قیدیوں کو بھی مکمل تنہائی میں رکھا جائے۔

مراسلے کے مطابق انسداد دہشت گردی کی خصوصی دفعات کے تحت قید ملزمان پر ان ہدایات کا اطلاق نہیں ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں