شہباز شریف نے معیشت کی تباہی کو کورونا سے بھی بڑا خطرہ قرار دیا

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف کا کہنا ہے کہ ہم نے سیاست اور سیاسی مفادات کو اس وقت ترجیح نہیں دینی بلکہ اس وقت ہمارا اصل مقصد اپنی قوم کی بقاء کی جنگ ہے۔

پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ کورونا نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے، قیمتی جانوں کو ضیاع ہورہا ہے، سوا ارب سے زیادہ آبادی اپنے گھروں میں بند ہے، معیشت کی تباہی کورونا سے بھی بڑا خطرہ بن کر ظاہرہورہی ہے، پاکستان میں بھی کورونا کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جس پر پوری قوم پریشان اور مضطرب ہے۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ اس وقت ہمارا اصل مقصد اپنی قوم کی بقاء کی جنگ ہے، ہمیں قوم کے ایک خادم، ایک رضاکار کے طورپر اپنا کردار ادا کرنا ہے، اس صورتحال کا تقاضا ہے کہ ہم مکمل قومی اتحاد، یک جہتی ، اخوت اور بھائی چارے کے عظیم جذبے پر کاربند ہوں، ہم نے سیاست اور سیاسی مفادات کو اس وقت ترجیح نہیں دینی، یہ اجتماعی امتحان ہے اور اس میں اجتماعی طورپر ہی ہم سرخرو ہوسکتے ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جیسا کہ آپ بخوبی آگاہ ہیں کہ نوازشریف کا دل کا انتہائی اہم اور حساس آپریشن ہونا ہے، جس کی تیاریاں مکمل ہیں اور آئندہ ہفتے یہ آپریشن متوقع ہے،انہوں نے پیغام دیا ہے کہ موجودہ صورتحال پر وہ انتہائی دکھی ہیں، قوم کو مشکل اور صبرآزما حالات کا سامنا ہے، ایسے میں مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور کارکنان مل کر ایک تاریخی کردار ادا کریں۔

 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں