پاکستانی خبریں

کورونا وائرس، خیبر پختونخوا حکومت نے 28 مارچ تک صوبے میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا

کورونا وائرس کے پیش نظر خیبر پختونخوا حکومت نے 28 مارچ تک صوبے میں عام تعطیل کا اعلان کردیا ہے۔

مشیر اطلاعات کے پی اجمل وزیر کے مطابق 28 مارچ تک خیبرپختونخوا میں عام تعطیل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ابھی جو زائرین آئے ہیں ان کو قرنطینہ منتقل کردیاگیا کیوں کہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے جو ہلاکتیں ہوئیں، ان کی ٹریولنگ ہسٹری ہے۔

اجمل وزیر نے کہا کہ عوام کو کورونا وائرس کو سنجیدگی سے لینا ہوگا اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے اب بھی مزید کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ عوام کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، پاک فوج کے ساتھ صوبائی حکومت مسلسل رابطے میں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے سخت فیصلے کیے، عوام حکومت کے ساتھ تعاون اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔

دوسری جانب ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ حکومت نے تین ہفتوں تک صوبے میں 144نافذ کردیا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران بلوچستان میں لاک ڈاؤن کے اچھے نتائج سامنے آرہے ہیں۔

لیاقت شاہوانی کے مطابق بلوچستا ن کے دور دراز کے علاقوں میں طبی عملے کو تربیت دی گئی۔

ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ کے مطابق ہم نے سیلف کورنٹین کی طرف جانا ہوگا تاکہ اسپتالوں پر بوجھ نہ بن سکیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں لاک ڈاؤن ہے اور حکومت کورونا سے نمٹنے کےلیے سرگرم ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبے میں قرنطینہ کے انتظامات کرلیے گئے ہیں۔

Related Articles

Back to top button