پاکستانی خبریں

ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 803، سندھ سے امید کی کرن دکھائی دینے لگی

ملک بھر میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 803، جبکہ اب تک جانبحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی۔

کورونا وائرس سے متعلق حکومتی ویب سائیٹ کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 23 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد سندھ میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 352 ، پنجاب میں 225، بلوچستان میں108، گلگت بلتستان میں 71، خیبر پختونخوا میں 31 جب کہ اسلام آباد میں 15، کشمیر میں ایک  مریض موجود ہیں جب کہ 6 افراد صحت یاب ہوکر اپنے گھروں کو جاچکے ہیں۔

 

سندھ میں لاک ڈاؤن

کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سندھ میں رات 12 بجے سے لاک ڈاؤن شروع ہو گیا ہے جو کہ 15 روز تک جاری رہے گا۔ لاک ڈاؤن کو ’’کئیر فار یو‘‘ کا نام دیا گیا ہے، لاک ڈاؤن کے دوران انتہائی ضرورت کے سوا شہریوں کے گھروں سے نکلنے پر پابندی ہے۔ اشیائے صرف کی دکانیں اور میڈیکل اسٹورز کھلے ہیں۔

مزید پڑھیں: کورونا کے پھیلاؤ میں رکاوٹ، صوبہ سندھ میں 15 دن کے لئے لاک ڈاؤن کا آغاز

سندھ میں کورونا وائرس سے متاثرہ چوتھا مریض صحت یاب

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ سندھ میں کورونا وائرس سے متاثرہ چوتھا مریض صحت یاب ہوگیا۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ سندھ میں کرونا وائرس سے متاثرہ چوتھا مریض صحت یاب ہوگیا۔

مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ متاثرہ شخص کے 2 ٹیسٹ کیےگئے، دونوں بار منفی آئے، صحت یاب ہونے والا شخص گھر میں آئیسولیشن میں تھا،الحمداللہ، چوتھے مریض کا صحت یاب ہونا ہمارے لیے امیدکی کرن ہے۔

پنجاب کی فوج سے مدد طلب

محکمہ داخلہ پنجاب نے باضابطہ طور پر وفاق سے فوج کی مدد طلب کرلی ہے۔ وفاق کو بھجوائے گئے مراسلے میں کرونا وائرس سے ہیدا شدہ صورتحال کا ذکر کیا گیا ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ آرٹیکل 245 کے تحت سول انتظامیہ کی مدد کے پاک فوج کی مناسب تعداد مختص کی جائے۔

ڈاکٹر اسامہ شہید 

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے خلاف جنگ کے ہراول دستے میں شامل ڈاکٹر اسامہ ریاض شہید ہوگئے۔

گلگت بلتستان میں داخل ہونے والے مسافروں میں کورونا وائرس کی اسکریننگ کے دوران ڈاکٹر اسامہ ریاض خود بھی اسی مہلک وائرس سے متاثر ہوگئے تھے۔

ڈاکٹر اسامہ مقامی اسپتال میں 2 دن تک تشویشناک حالت میں وینٹی لیٹر پر رہنے کے بعد آج خالق حقیقی سے جاملے۔

محکمہ اطلاعات گلگت بلتستان نے بھی تصدیق کی ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں ہر اول دستے کا کردار ادا کرنے والے ڈاکٹر اسامہ ریاض جام شہادت نوش کر گئے ہیں۔

شہباز شریف کورونا ٹیسٹ کرائیں

طبی ماہرین نے ن لیگ کے صدر شہباز شریف کو فوری کورونا وائرس کے ٹیسٹ کرانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ وہ کم از کم 14دن قرنطینہ کا عمل اختیار کریں تاکہ ان سمیت دیگر افراد کی زندگی کو محفوظ بنایا جا سکے۔

 

 

 

Related Articles

Back to top button