پاکستانی خبریں

یومِ پاکستان: صدر اور وزیراعظم کا عوام پر کورونا وائرس کے خاتمے کیلئے قومی جذبے کا مظاہرہ کرنے پر زور

صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے یوم پاکستان پر اپنے الگ الگ پیغامات میں عوام پر زور دیاہے کہ وہ کوروناوائرس کی وباء کے خاتمے کے لئے اتحاد، نظم وضبط اور قومی جذبے کا مظاہرہ کریں۔

صدرنے اپنے پیغام میں کہاکہ قوم کو اس وقت انتہائی مشکل صورتحال کا سامنا ہے جس سے نمٹنے کا واحد راستہ اتحاد میں مضمر ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہم پاکستانیوں کو اس وباء کی روک تھام کے لئے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔

صدرنے کہاکہ یہ علماء کرام، ذرائع ابلاغ اور سیاسی رہنماؤں سمیت معاشرے کے تمام طبقوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ کوروناوائرس کے خطرات سے نمٹنے کے لئے احتیاطی تدابیر کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہاکہ اس بحران میں ڈاکٹرز اور محکمہ صحت کا عملہ ہر اول دستہ ہیں اور قوم انہیں ان کی بے لوث اور انتھک کوششوں پر سلام کرتی ہے۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام میں لوگوں سے اپیل کی کہ وہ گھبراہٹ کی بجائے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور وہ کوروناوائرس کی وباء کے خلاف حکومتی اقدامات کی ذاتی طور پر نگرانی کررہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستانی قوم کسی بھی مشکل سے مقابلے کی صلاحیت رکھتی ہے اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہم اس امتحان میں کامیاب ہوں گے۔

صدر اور وزیراعظم نے بانیان پاکستان کو خراج عقیدت بھی پیش کیا اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کی غیرمتزلزل حمایت کا عزم ظاہر کیا جنہیں گزشتہ سات ماہ سے زائد عرصے سے غیرانسانی لاک ڈائون اور مواصلاتی بندش کا سامنا ہے۔

Related Articles

Back to top button