پاکستانی خبریں

سکھر ضلعی انتظامیہ کی نااہلی، اشیاء خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں

سکھر ضلعی انتظامیہ کی نااہلی کورونا وائرس کے پیش نظر جزوی لاک ڈاؤن ہونے کے باعث اشیاء خوردونوش سبزی گوشت، مرغی، مچھلی فروٹ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔

نمائندہ سچ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سکھر سمیت اندرون سندھ میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچاؤ کے لیے جاری جزوی لاک ڈاؤن کے باعث اشیاء خوردونوش سبزی، گوشت، مرغی، مچھلی، فروٹ کے نرخ آسمان سے باتیں کرنے لگے جس کے باعث شہریوں کی قوت خرید جواب دے گئی ہے۔

انتظامیہ اور متعلقہ ادارے منظر سے غائب ہیں ایسی ہنگامی صورت حال میں مہنگائی کے بڑھتے ہوئے طوفان کے باعث شہریوں میں سخت بے چینی اور خوف پایا جاتا ہے شہریوں نے سکھر سمیت گردونواح میں راشن تقسیم کرنے کا مطالبہ کیا۔

حکومت سندھ نے سخت اقدامات کرتے ہوئے انٹر بس سروس معطل کیں وہی گڈز ٹرانسپورٹ سروس معطل ہونے سے سبزیوں، پھلوں سمیت روز مرہ زندگی میں استعمال ہونے والی اشیاء کی قلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ جس کے باعث عوام کو سبزیوں اور پھلوں سمیت دیگر اشیاء مہنگی ہونے کا خدشہ ہے۔

اس موقع پر سبزی اور پھل فروش دکانداروں کا کہنا ہے کہ حکومت جہاں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام میں مصروف عمل ہے اور عوام کی زندگیوں کو محفوظ رکھنے کی خاطر سخت ترین اقدامات کررہی ہے وہ قابلِ تعریف ہیں مگر ان اقدامات کے ساتھ گڈز ٹرانسپورٹ سروس بھی معطل ہوگئی ہے جس کے باعث پاکستان کے دیگر صوبوں سے آنے والی سبزیوں اور پھلوں کی قلت ہونے کا خدشہ ہے لہذا حکومت سندھ اپنے احکامات کا جائزہ لیتے ہوئے گڈز ٹرانسپورٹ سروس بحال رکھے تاکہ عوام کو مزید مہنگائی کے بوجھ سے بچایا جاسکے۔

Related Articles

Back to top button