کورونا وائرس سے ہر سُو بےچینی کا عالم، ملک بھر میں متاثرین کی تعداد 646 ہوگئی

ملک بھر میں کورونا وائرس کے وار جاری ہیں، ملک میں کورونا کے نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 646 ہوگئی اور وائرس سے اب تک تین افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس نے تہلکہ مچادیا ہے، اب تک(188) ایک سو اٹھاسی ممالک میں تین لاکھ سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔

سندھ

سندھ میں وائرس میں مبتلا مریضوں کی تعداد 292 ہوگئی اور کراچی میں کیسز کی تعداد زیادہ ہے۔

مزید پڑھیں: سکھر قرنطینہ سینٹر میں تعینات رضاکاروں کا ملنے جلنے سے روکنے پر انتظامیہ کیخلاف احتجاج

پاک ایران سرحد تفتان سے سکھر لائے گئے زائرین کے لیے لیبر کالونی میں قرنطینہ سینٹر بنایا گیا ہے جس میں ان کی نگرانی کی جارہی ہے۔

پولیس کے مطابق مختلف تنظیموں کے رضاکار قرنطینہ سینٹر میں خدمت پرمامور تھے جن کی موجودگی کی باعث میل جول بڑھ رہا تھا جس پر منع کیا گیا تو رضاکاروں نے احتجاج شروع کردیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ کا کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے اہم فیصلہ

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عوام کو 3 دن مکمل طور پر آئسولیشن میں رہنے کی ہدایت کردی۔

انہوں نے کہا کہ میں عوام کو اس لیے اپیل کر رہا ہوں کہ خدارا گھروں میں رہیں، عوام کو نہ صرف خود کو اپنے بچوں کو اور اپنے دوستوں کو بھی بچانا ہے۔

پنجاب

پنجاب میں کورونا وائرس کے کنفرم کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے اور مریضوں کی مجموعی تعداد 152 ہوگئی ہے۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس سے بچاوَ کے لیے حکومت پنجاب کا بڑا فیصلہ، اضافی فنڈز جاری کر دیے

کورونا وائرس سے بچاوَ کے لیے حکومت پنجاب نے 8 ارب روپے کے اضافی فنڈز جاری کر دیے۔

حکومت پنجاب کی جانب سے ایکسپو سینٹر لاہور میں 900 بستروں پر مشتمل فیلڈ اسپتال بنایا جائے گا جبکہ ڈاکٹروں کے لیے مراعاتی پیکج پر بھی کام شروع کر دیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا صوبے میں لاک ڈاون سے متعلق انتہائی اہم اعلان

پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی کے بعد صوبائی حکومت نے بڑا قدم اٹھایا ہے اور آئندہ 2 روز کے لیے دکانیں بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ عوام اگلے 2دن تک گھروں میں رہیں اور اہل خانہ کو محفوظ رکھیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہفتہ کی رات 9 بجے سے منگل کی صبح 9 بجے تک شاپنگ مالز اوردیگر دکانیں بندکی جارہی ہیں اور ساتھ ہی سیاحتی مقامات بھی 2 روز بند رہیں گے۔

بلوچستان

بلوچستان میں کورونا وائرس کے 12 نئے کیسز رپورٹ ہونے سے مصدقہ کیسز کی تعداد 104 ہوگئی جب کہ تین سو سے زائد افراد کے ٹیسٹ کی رپورٹ آنی باقی ہے۔

خیبر پختونخواہ

خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے مزید کیسز سامنے آنے کے بعد تعداد 31 ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ ضلعی انتظامیہ نے صوبائی دارالحکومت پشاور کے علاقے سفید ڈھیری کی ایک گلی اور نجی کلینک کو قرنطینہ قراردیا ہے۔

ذرائع ضلعی انتظامیہ کے مطابق کورونا سے متاثرہ شخص نے رشتہ دار کے گھر قیام کیا تھا۔ ہنگو سے تعلق رکھنے والے مریض عبدالفتح میں آج وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مزید کیسز سامنے آنے کے بعد تعداد 56 ہوگئی ہے۔

مزید پڑھیں: بلوچستان اور گلگت بلتستان کی صوبائی حکومتوں کا اہم اعلان۔ شہریوں کا مثبت ردعمل مزید تفصیلات اس خبر میں

گلگت بلتستان میں بھی تمام تجارتی مراکز بند کردیے گئے ہیں اور صرف میڈیکل اسٹورز اور کھانے پینے کی اشیا والی دکانیں کھلی ہیں۔

خیال رہے کہ گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور مزید 9 کیس سامنے آنے کے بعد تعداد 56 ہوگئی ہے۔ سکردو سمیت گلگت کے مختلف شہروں میں بھی آج شہریوں نے حکومت کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے سرگرمیاں کم کردی ہیں۔

اسلام آباد

وفاقی دارلخلافے میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 10 ہے۔

کشمیر

آزاد کشمیر میں ابھی تک کورونا وائرس کے ایک کیس سامنے آیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں