پاکستانی خبریں

بلوچستان اور گلگت بلتستان کی صوبائی حکومتوں کا اہم اعلان۔ شہریوں کا مثبت ردعمل مزید تفصیلات اس خبر میں

بلوچستان کے شہری حکومت کی جانب سے شاپنگ مالز اور بازار 3 ہفتے کے لیے بند کرنے پر مثبت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ہوئے حکومتی ہدایات پر عمل کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ صوبائی حکومت نے بلوچستان میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے شاپنگ مالز اور مارکیٹیں 3 ہفتے کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔ حکومت کے اعلان پر شہریوں نے بھی مثبت ردعمل کا اظہار کیا ہے، آج کوئٹہ سمیت بلوچستان کےکئی علاقوں میں بیشتردکانیں بند رہیں جب کہ بین الصوبائی ٹرانسپورٹ اور شہر میں چلنے والی بسیں بھی بند رہیں۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں آج (ہفتے ) کورونا کے مزید 10 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 103 ہوگئی ہے۔ چیف سیکرٹری بلوچستان کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس میل جول سے پھیلتا ہے لہٰذا عوام سے اپیل ہے کہ وہ گھروں میں محدود رہیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ وائرس سے بچنے کے لیے تمام احتیاطی تدابیر استعمال کریں۔ جام کمال خان کا کہنا ہے کہ عوام کوشش کریں کہ کم از کم 10 روز کے لیے گھروں میں رہیں اور غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں۔

گلگت بلتستان میں بھی تجارتی مراکز بند کردیے گئے

گلگت بلتستان میں بھی آج سے تمام تجارتی مراکز بند کردیے گئے ہیں اور صرف میڈیکل اسٹورز اور کھانے پینے کی اشیا والی دکانیں کھلی ہیں۔ خیال رہے کہ گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور مزید 9 کیس سامنے آنے کے بعد تعداد 30 ہوگئی ہے۔ سکردو سمیت گلگت کے مختلف شہروں میں بھی آج شہریوں نے حکومت کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے سرگرمیاں کم کردی ہیں۔

دوسری جانب آزادکشمیر میں بھی آج سے تین دن کے لیے بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ پرپابندی عائد کردی گئی ہے۔

 

گذشتہ روز حکومتی ہدایات کے باجود شہریوں کی بڑی تعداد گھروں سے باہر نظر آئی تھی جس پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں سے گھروں میں رہنے کی اپیل کی تھی۔

خیال رہے کہ پاکستان بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 632 تک پہنچ گئی ہے اور حکومت کی جانب سے مسلسل عوام سے اپیل کی جارہی ہے کہ وہ گھروں تک محدود رہیں تاہم اس کے باوجود بہت سے لوگ ہدایات پر عمل نہیں کررہے۔

Related Articles

Back to top button