کورونا وائرس: سپہ سالار کی پاک فوج کو سول انتظامیہ کی امداد تیز کرنے کی ہدایت

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ کوئی بھی خطرہ ایک ذمہ دار اور پرعزم قوم کو شکست نہیں دے سکتا اور یہ چین نے کرکے دکھایا ہے،انفرادی طور پر کورونا سے بچاؤ درحقیقت اجتماعی حفاظت کی بنیاد ہے،سب کو ذمہ دار شہری بننا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کو سول انتظامیہ کی امداد تیز کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں، یہ احکامات وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد جاری کیے گئے ہیں۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہم کورونا وائرس سے قوم کی حفاظت کے عمل کو مقدس فریضہ کے طور پر انجام دیں گے، پاک فوج قومی کوشش کا حصہ ہوتے ہوئے اس ذمہ داری کو ادا کرے گی، کوئی بھی خطرہ ایک ذمہ دار اور پرعزم قوم کو شکست نہیں دے سکتا جیسا کہ چین نے کر دکھایا ہے، انفرادی نظم و ضبط اور باہمی تعاون تمام اداروں کی کوششوں کو یکجا کرے گا اس میں ہی قوم کامیابی ہوگی۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہر انفرادی حفاظتی قدم اہمیت کا حامل ہے، انفرادی طور پر کورونا وائرس سے اپنا بچاوٴ کرنا درحقیقت اجتماعی حفاظت کی بنیاد ہے، پہلے انفرادی طور پر ایک ذمہ دار شہری بننا ہے تا کہ اجتماعی سطح پر حکومتی اور اداروں کی کوششیں کامیاب ہو سکیں، ہر پاکستانی کا فرض ہے کہ حکومت اور محکمہ صحت کی کورونا وائرس کے حوالے سے ہدایات پر عمل کرے۔

مزید پڑھیں:کورونا وائرس: سندھ میں مزید 15 نئے کیسز سامنے،ملک میں مجموعی تعداد 512 ہوگئی

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور سندھ میں مزید 15 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مجموعی تعداد 512 ہوگئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں