پاکستانی خبریں

ایران کی جانب سے اہل پاکستان کو جشن نوروز کی مبارکباد

پاکستان میں ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے عالمی جشن نوروز کے موقع پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے اور پاکستانی عوام کو حکومت کو دن کی خصوصی مبارکباد پیش کی ہے۔

ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے خوشی کے دن مل کر موذی مرض کورونا کے خلاف لڑنے کے عزم کا اعادہ کیا، ایرانی سفیر نے روشن مستقبل، ترقی، خوشحالی، امن اور کامیابی کی طرف بڑھتے رہنے کی امید کا بھی اظہار کیا ہے۔

پاکستان میں ایرانی سفیر نے جشن نوروز کے پیغام میں کہا ہے کہ ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ نوروز صرف ایران تک محدود نہیں بلکہ پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک اس تاریخی تہوار کو مناتے ہیں۔ اس دن کے موقع پر دنیا کے مختلف ممالک میں ہر سطح کی تقاریب منعقد ہوتی ہیں، یہ دن قوموں کے درمیان دوستی، اخوت، تعلقات کی مضبوطی اور ترقی کا پیغام لے کر آتا ہے۔

بدقسمتی سے نوروز تقاریب کے موقع  پر خطے اور دنیا کے اکثر ممالک میں کورونا جیسی وبا پھیلی ہوئی جس نے قوموں کی خوشیوں کو غم اور تشویش میں تبدیل کردیا ہے، ہمیں چاہیئے کہ مل کر دعا کریں تا کہ علاقائی ممالک باہمی تعاون اور ہم آہنگی کے ساتھ اس مشکل سے نکل آئیں اور اپنی قوموں کی خوشیوں کو دوبارہ واپس لائیں۔ 

سید محمد علی حسینی نے کہا کہ ہمیں مل کر آگے بڑھنا چاہئے تا کہ انشاء اللہ بہت جلد اپنی قوموں کے درمیان امن، سلامتی اور خوشی کو واپس لاسکیں، ہم اس خطے کی قدیم اور تہذیب یافتہ اقوام ہیں اور نوروز میں جو امن، یکدلی اور تبدیلی کا موقع ہے،اسلامی اقدار کے ذریعے تعلقات اور تعاون کے لئے مثالی بننا چاہئے۔

ایرانی سفیر نے امید کا اظہار کیا کہ ہم سب ایک روشن مستقبل، ترقی، خوشحالی، امن اور کامیابی کی طرف بڑھتے رہیں گے۔

Related Articles

Back to top button