پاکستانی خبریں

کورونا وائرس کے پیش نظر پنجاب حکومت نے 5 ارب روپے کا فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا

کورونا وائرس کے پیش نظر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبے میں ایک ہزار بستروں کا فیلڈ ہسپتال اور 5 ارب روپے کا فنڈ مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مری میں سیاحوں کے داخلے پر پابندی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ‘محکمہ صحت کو 23 کروڑ 60 لاکھ روپے ابتدائی طور پر دیے ہیں اور ایک ارب روپے فراہم کرنے کا یقین دلایا ہے جبکہ ہم نے اس سے نمٹنے کے لیے 5ارب روپے کا فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘تفتان میں کیمپ قائم کرنے یا ان سے تعاون کرنے کے لیے بلوچستان حکومت کے ساتھ بات کریں گے، اور اپنے لوگوں کے لیے سرحد پر ہم جو کچھ کرسکتے ہیں اس پر بھی بات کریں گے’۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ ‘کورونا وائرس کے حوالے سے ہم تمام سہولیات فراہم کریں گے اور اگر کسی دوسرے صوبے کو بھی ضرورت ہوئی تو ان سے بھی تعاون کریں گے’۔ 

 

پنجاب میں کورونا وائرس کے حوالے سے کیے گئے اقدمات پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ‘ہر ضلعے کے اندر یونٹس بنادیے گئے ہیں اور مظفر گڑھ، لاہور اور راولپنڈی میں 3 ہسپتال کورونا کے لیے مختص ہیں’۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ‘پنجاب میں دفعہ 144 اور صحت ایمرجنسی بھی نافذ کردی ہے’ اور ایک ہزار بیڈ کا عارضی فیلڈ ہسپتال قائم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مری میں سیاحوں کے داخلے پر پابندی لگادی گئی ہے، شاپنگ مالز اور ہوٹل رات 10 بجے بند کیے جائیں گے۔

یاد رہے پنجاب میں 189 مشتبہ کیسز ہیں جن میں سے 28 کی تصدیق ہوئی ہے۔

Related Articles

Back to top button